رام مندر: 24 نومبر کو 50 ہزار کارکنان کے ساتھ اُدھو ٹھاکرے پہنچیں گے ایودھیا

شیو سینا بھون میں 18 نومبر کو ہوئی میٹنگ میں اُدھو ٹھاکرے نے ’ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار‘ کا نعرہ دیتے ہوئے ظاہر کر دیا کہ وہ ایودھیا میں ماحول کو پوری طرح گرم کرنا چاہتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے سرگرمیاں تیز سے تیز تر ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ 24 نومبر کو شیو سینا کے پروگرام اور پھر 25 نومبر کو آر ایس ایس کے ’دھرم سبھا‘ کے مدنظر علاقے میں حالات بھی کشیدہ ہوتے ہوئے محسوس ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایودھیا سے مسلمانوں کی ہجرت بھی شروع ہو چکی ہے اور کسی بھی انہونی واقعہ سے بچنے کے لیے کئی لوگ دیگر علاقوں میں پناہ لینے کو تیار ہو گئے ہیں۔ بابری مسجد کے اہم پیروکار اقبال انصاری نے بھی پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ اگر سیکورٹی کے سخت انتظامات نہیں کیے گئے تو انھیں بھی ایودھیا چھوڑ کر کسی دوسری جگہ منتقل ہونا پڑے گا۔

اس درمیان شیو سینا کے ذریعہ کم و بیش 50 ہزار کارکنان کے ساتھ ایودھیا کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مندر تعمیر کے لیے شیو سینا نے اپنے تیور سخت کر لیے ہیں اور اتوار کو ممبئی کے شیو سینا بھون میں اُدھو ٹھاکرے کے ایودھیا دورہ سے متعلق پارٹی کی انتہائی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں طے ہوا ہے کہ شیو سینا کے 100 لیڈران اور 50 ہزار کارکنان ایودھیا جائیں گے۔ اُدھو ٹھاکرے کے ساتھ 24 نومبر کو یہ سبھی 100 لیڈران اور 25 ہزار چنندہ عہدیداران کے ساتھ 25 ہزار شیو سینا کارکنان ایودھیا کے لیے روانہ ہوں گے۔ میٹنگ کے دوران شیو سینا سپریمو اُدھو ٹھاکرے نے ’ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار‘ کا نعرہ بھی دیا جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ رام مندر تعمیر کے لیے ایودھیا میں پوری سرگرمی دکھانا چاہتے ہیں۔

خبروں کے مطابق شیو سینا کے ایودھیا دورے کی پوری ذمہ داری پارٹی رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کے کندھوں پر ہے۔ لکھنؤ سے ایودھیا جانے کی ذمہ داری مہاراشٹر کے پی ڈبلیو ڈی وزیر ایکناتھ شندے سنبھالیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر سے شیو سینکوں کا جتھہ ریلوے، ہوائی جہاز اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعہ ایودھیا پہنچیں گے۔ ٹھاکرے ایودھیا میں سریو ندی پر 24 نومبر کو شام 5 بجے ’مہا آرتی‘ بھی کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Nov 2018, 10:09 PM
/* */