دہلی گینگ ریپ کیس میں مزید دو افراد گرفتار

دہلی پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے سے متعلق ویڈیو کو لوگ شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ بچکانہ فعل متاثرہ کی شناخت اور وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

قومی راجدھانی دہلی کے کستوربا نگر میں ایک خاتون کے ساتھ وحشیانہ اور ذلت آمیز گینگ ریپ کیے جانے کے جرم میں ملوث ایک مرد اور ایک خاتون کو پولیس نے جمعہ کو گرفتار کیا ہے۔ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ جمعرات کو سات خواتین اور دو نو جوانوں کو حراست میں لیا گیا اور جمعہ کو ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس معاملے میں اب تک کل 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بہرحال، گینگ ریپ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد پولیس زیادہ تر لوگوں کی شناخت کو اجاگر کرنےکی کوشش کر رہی ہے۔ دو دن قبل مشرقی دہلی کے وویک وہار کے قریب کستوربا نگر میں ایک 20 سالہ خاتون کا سر منڈوایا گیا ، اسے جوتوں کی ہار پہنا کر عوامی مقامات پر گھمایا گیااور اس دوران کچھ خواتین نے مبینہ طور پر متاثرہ کے ساتھ ریپ کرنے کے لیے مردوں کو مشتعل کیا اور انہوں نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرتے وقت ذرا بھی شرم نہیں کی۔


پولیس نے بتایا کہ ویڈیو میں ملزم متاثرہ کو گھیر کر زد و کوب کر رہے ہیں اور کچھ لوگ اسے گندی گندی گالیاں دے رہے ہیں۔حالانکہ جمعرات کو گرفتار کی گئی سات خواتین کی شناخت شالو (36)، راج جی (40)، پریرنا (18)، کومل (25)، ورشا (38)، پریتی (36) اور بے بی (40) کے طور پر کی گئی ہے۔ سبھی کستوربا نگر کی باشندہ ہیں۔

پولیس نے ٹویٹ کیا،’دہلی پولیس ہر کسی سے گذارش کرتی ہے کہ اس واقعے سے متعلق ویڈیو کو شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ بچکانہ فعل متاثرہ کی شناخت اور وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ یہ غیر حساس اور قانون کے خلاف ہے۔ اس واقعہ پر مکمل کارروائی کی جائے گی‘۔


اس سے قبل دہلی پولیس نے ٹویٹ کرکے کہا تھا کہ متاثرہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے اور پولیس متاثرہ کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔دہلی خاتون کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے کہا کہ ویڈیو میں متاثرہ کی تکلیف دہ افسوسناک حالت کو دکھایا گیا ہے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اس واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں میں سرعام جرم کرنے کی اتنی ہمت کیسے ہو گئی؟ میں مرکزی وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پولیس کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیں اور لاء اینڈ آرڈر (امن عامہ)کی صورتحال پر بھی توجہ دیں۔ دہلی والے ایسے گھناؤنے جرائم اور مجرموں کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */