کشمیر: سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم آرائی، 2 ملی ٹینٹ ہلاک

پولس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے بانڈی محلہ بونہ بازار میں آج صبح ہوئی تصادم آرائی میں مارے گئے دو ملی ٹنٹوں میں سے ایک جیش محمد سے وابستہ اعلیٰ کمانڈر منا لاہوری تھا جبکہ دوسرا مقامی ملی ٹنٹ تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان ایک مختصر تصادم آرائی کے دوران جیش محمد کمانڈر سمیت دو ملی ٹنٹ ہلاک ہو گئے۔

ایک پولس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے بانڈی محلہ بونہ بازار میں جمعرات کی صبح ہوئی تصادم آرائی میں مارے گئے دو ملی ٹنٹوں میں سے ایک جیش محمد سے وابستہ اعلیٰ کمانڈر منا لاہوری تھا جبکہ دوسرا مقامی ملی ٹنٹ تھا۔


انہوں نے بتایا کہ منا لاہوری عرف منا بنگالی جو پاکستانی شہری تھا، بارودی سرنگین تیار کرنے میں مہارت رکھتا تھا اور وہ نوجوانوں کو ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شامل کرنے کے لئے راغب کرنے کا کام بھی انجام دیتا تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ جائے تصادم آرائی سے قابل اعتراض مواد بشمول اسلحہ وگولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔


قبل ازیں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں کشمیر پولس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی ایک ٹیم نے گزشتہ شب شوپیاں کے بونہ بازار علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

تلاشی آپریشن جاری تھا کہ ہفتہ کی صبح ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز کی ٹیم پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان معرکہ آرائی چھڑ گئی۔ طرفین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔