بنگال بی جے پی میں گھمسان شروع، مدھیہ پردیش کے وزیر کو ’اپنوں‘ نے بنایا بندی

بی جے پی کی مرکزی قیادت نے کل 63 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے جس میں چار ممبران پارلیمنٹ لاکیٹ چٹرجی، سوپن داس گپتا، نشیت پرمانک اور مرکزی وزیر بابل سپریو کے نام شامل ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: پارٹی کے پرانے کارکنان کو ٹکٹ دینے کے بجائے ترنمول کانگریس سے آئے ہوئے لیڈروں کو ٹکٹ دئیے جانے کے خلاف بی جے پی میں مخالفت بڑھتی جا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ایک وزیر کو سینگور میں مشتعل ہجوم نے ایک کمرے میں بندی بنالیا ہے۔

وزیر صحت و تعلیم بسواس سارنج اور اترپردیش کے بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر انتخابی حکمت عملی طے کرنے کے لئے سینگور کے اپور پور جا رہے تھے۔ اسی درمیان ایک ہجوم نے ان کو گھیر لیا۔ بی جے پی امیدوار تابندر ناتھ بھٹاچاریہ کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے اور مطالبہ کیا کہ پارٹی ترنمول کانگریس سے آنے والوں کو ٹکٹ دینے کے بجائے پارٹی کے پرانے لیڈران کو ٹکٹ دے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر امیدوار کو تبدیل نہیں کیا گیا تو وہ آزاد امیدوار کھڑا کردیں گے اور بھٹاچاریہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔


ہگلی (دیہی) پولیس چیف اماندیپ نے بتایا کہ بی جے پی کے دونوں رہنماؤں کو تقریباً چار گھنٹے تک قید میں رکھنے کے بعد انہیں بحفاظت آزاد کرا لیا گیا۔ 89 سالہ بھٹا چاریہ کو ترنمول کانگریس نے سینگور سے ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ ان کی جگہ سینگور سے بیچارام منا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ جب کہ ہری پال سے بے چارام منا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

بھٹا چاریہ نے 2006 سے 2008 تک سینگور میں نینو کار فیکٹری کے لئے حصول اراضی خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کی سربراہی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو امیدوار بنانے کے لئے ترنمول کانگریس پر دباؤ بنا رہے تھے۔ سی پی آئی (ایم) نے سنگور سے اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا کے رہنما سریجن بھٹاچاریہ کو امیدوار بنایا ہے۔ بھٹاچاریہ نے کہا ہے کہ وہ سنگور میں مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کو واپس لانے کے لئے کام کریں گے۔


یہاں قابل ذکر ہے کہ بی جے پی میں ٹکٹ کی تقسیم کے بعد کئی پرانے لیڈروں نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں جانے والے وسابق میئر شوبھن چٹرجی اور بیساکھی بنرجی نے ٹکٹ نہیں ملنے کے بعد پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ چٹرجی بہلا سے انتخاب لڑنا چاہتے تھے مگر ان کی جگہ ٹالی ووڈ اداکارہ پائل سرکار کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت کل 63 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے جس میں چار ممبران پارلیمنٹ لاکیٹ چٹرجی، سوپن داس گپتا، نشیت پرمانک اور مرکزی وزیر بابل سپریو کے نام شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */