ڈیزل کی بڑھی قیمتوں کے خلاف ٹرک مالکان کی ملک گیر ہڑتال

ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور ٹھرڈ پارٹی پریمیم میں اضافہ کے خلاف ٹرک مالکان نے آج سے ہڑتال شروع کر دی ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں 90 لاکھ ٹرکوں کی رفتار رک گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پچھلے کچھ دنوں سے جس طرح سے لگاتار پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اس سے ہر کوئی پریشان ہے۔ پریشان ہو کر آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ نے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرک مالکان اور آپریٹروں نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور تھرڈ پارٹی بیمہ پریمیم میں اضافہ کے خلاف غیر معینہ مدت کے لئے ملک گیر ہڑتال شروع کی ہے۔

آل انڈیا کنفیڈریشن آف گڈس وہیکل آنرس ایسوسی ایشن کے صدر چننا ریڈی نے بتایا، ’’ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور تھرڈ پارٹی بیمہ پریمیم میں اضافے کے خلاف آج صبح غیر معینہ ہڑتال شروع ہوئی۔ اس دوران تقریباً 90 لاکھ ٹرکوں کے پہیے تھمے رہیں گے اور ملک بھر میں تقریباً 60 فیصد ٹرک سڑکوں پر نہیں اتریں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’حکومت کی یہ دلیل ہے کہ ایندھن کی قیمت میں اضافہ بین الاقوامی بازاروں میں تیل قیمتوں میں اضافے کے سبب ہوئی ہے لیکن ہمیں لگتا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کا سبب بین الاقوامی قیمتیں نہیں بلکہ وہ ٹیکس ہے جو حکومت نے لگایا ہوا ہے۔‘‘

ڈیزل کی قیمتوں اور پٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مغربی بنگال ٹرک آپریٹر ایسو سی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری سجل گھوش نے کہا کہ صوبہ میں ہڑتال کو لے کر اچھا رجحان سامنے آیا ہے، جہاں تقریباً 3.5 لاکھ ٹرک سڑکوں سے غائب ہیں۔

ٹرک مالکان کا کہنا ہے کہ ہم پہلے سے ہی مہنگے ڈیزل سے پریشان ہیں، ساتھ ہی ٹائر اور اسپیئر پارٹس کی قیمتیں بھی کافی بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کا رکھ رکھاؤ کافی مہنگا ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی پر لون اور روڈ ٹیکس بھی کافی زیادہ ہے۔

ٹرکوں کی اس ہڑتال کا اثر سیدھے عام آدمی کی جیب پر پڑ سکتا ہے کیوں کہ آنے والے دنوں میں دودھ، سبزی اور دیگر سامانوں کی سپلائی پر سیدھا اثر پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔