یوپی کے بارہ بنکی میں دلخراش حادثہ، بہار جانے والی بس داور ٹرک میں تصادم، 18 افراد ہلاک

حادثہ اس وقت پیش آیا جب پیچھے سے ایک ٹرک نے بس کو پیچھے سے ٹکر مار دی، اس حادثے میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جبکہ درجن بھر سے زائد افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں

بارابنکی میں حادثہ
بارابنکی میں حادثہ
user

قومی آوازبیورو

بارہ بانکی: یوپی کے بارہ بانکی میں اس وقت ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جب ایک بس کو پیچھے سے ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ لاشیں سڑکوں پر بکھر گئیں۔ اس حادثے میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، جبکہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

یہ حادثہ ایودھیا-لکھنؤ شاہراہ پر بارہ بنکی کے رام سنیھی گھاٹ کے قریب پیش آیا۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق بس ہریانہ کے پلول شہر سے بہار جا رہی تھی اور اس کے ذریعے مہاجر مزدور بہار لوٹ رہے تھے۔ بس میں قریب 140 مسافر سوار تھے جن میں سے 18 کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ زخمیوں نے بتایا کہ یہ سب پنجاب اور ہریانہ میں کام کرتے تھے اور بہار میں اپنے اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔


بارہ بانکی کے ایس پی یمنا پرساد نے بتایا کہ بس کا ایکسل ٹوٹ گیا تھا، جس کے سبب وہ تھانہ رام سنیھی گھاٹ کے ایک ڈھابے کے قریب ٹھہری ہوئی تھی۔ رات کے وقت اچانک پیچھے سے آ رہے ایک تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثہ میں 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تمام زخمیوں کا علاج بارہ بنکی اور لکھنؤ کے ٹراما سینٹر میں کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام مزدور ہریانہ سے بہار جا رہے تھے اور سیتامڑھی، دربھنگہ اور بہار کے دیگر مقامات کے رہائشی تھے۔

اے ڈی جی ایس این سابت اور ایس پی یمنا پرداد حادثہ کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے ہیں۔ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ لاشوں کے گاڑی کے نیچے دب جانے کا خدشہ ہے۔ جے سی بی کے ذریعے ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔