آج صرف جموں و کشمیر پر حملہ نہیں ہو رہا، پورے ہندوستان پر ہو رہا ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں نریندر مودی کے خلاف لڑتا ہوں، اور ہم لڑیں گے، نریندر مودی کے نظریات کو، ہندوستان کو تقسیم کرنے کی سوچ کو، ہندوستان کو توڑنے کے نظریہ کو، تشدد کے نظریہ کو شکست دیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج جموں و کشمیر میں کئی اہم مقامات کا دورہ کیا اور سری نگر میں ’جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی‘ دفتر کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کانگریس کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کل میری فیملی دہلی میں رہتی ہے۔ دہلی سے پہلے میری فیملی الٰہ آباد میں رہتی تھی، اور الٰہ آباد سے پہلے سری نگر میں رہتی تھی۔ اس طرح میں کہہ سکتا ہوں کہ زیادہ وقت میں یہاں نہیں آیا لیکن آپ کو تھوڑا بہت سمجھتا ہوں۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’آپ کی جو سوچ ہے، جس کو ہم کشمیریت کہتے ہیں، وہ تھوڑی سی میرے اندر بھی ہے۔ جب میں یہاں فلائٹ سے آتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں واپس اپنے گھر آ رہا ہوں۔‘‘

آج صرف جموں و کشمیر پر حملہ نہیں ہو رہا، پورے ہندوستان پر ہو رہا ہے: راہل گاندھی

موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آج صرف جموں و کشمیر پر حملہ نہیں ہو رہا ہے، آج حملہ پورے ہندوستان پر ہو رہا ہے۔ غلام نبی آزاد جی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہمیں ایشو اٹھانا چاہیے، لیکن پارلیمنٹ میں ہمیں بولنے نہیں دیتے۔ میں پارلیمنٹ میں پیگاسس، رافیل، جموں و کشمیر، بدعنوانی، بے روزگاری کے بارے میں نہیں بول سکتا۔ یہ لوگ تو ہندوستان کے سبھی اداروں پر حملہ کر رہے ہیں۔ عدلیہ پر حملہ کر رہے ہیں، اسمبلی، لوک سبھا، راجیہ سبھا پر حملہ کر رہے ہیں۔‘‘

آج صرف جموں و کشمیر پر حملہ نہیں ہو رہا، پورے ہندوستان پر ہو رہا ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے اس موقع پر جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ واپس دیے جانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ جمہوریت کی پہچان الیکشن ہے، اور جموں و کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہے تھے، پیار سے بھائی چارے کے ساتھ، عزت کے ساتھ، اور انھوں نے (مرکزی حکومت) اس طریقہ کار کو چوٹ ماری ہے، اور میں جانتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، درد ہوا ہے۔ لیکن میں آپ کو یہاں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ عزت کا رشتہ، محبت کا رشتہ چاہتا ہوں۔‘‘ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں یہاں تک کہا کہ ’’میں نریندر مودی کے خلاف لڑتا ہوں، اور ہم لڑیں گے، اور نریندر مودی کے نظریات کو، ہندوستان کو تقسیم کرنے کی سوچ کو، ہندوستان کو توڑنے کے نظریہ کو، تشدد کے نظریہ کو شکست دیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ یہ ہمارے ملک کی تہذیب نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔