قرآن حکیم میں تحریف کے قائل لوگ خارج اسلام ہیں: دارالعلوم دیوبند

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ حضرات خلفاءکرام رضی اللہ عنہم پر قرآن کریم میں تبدیلی کا الزام ایک بہتا ن عظیم ہے۔

دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم دیوبند
user

عارف عثمانی

دیوبند: شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے ذریعہ سپریم کورٹ میں قرآن حکیم سے متعلق دائر کی گئی انتہائی مذموم عرضی کی چہار سو شدید مذمت اور مخالفت ہورہی ہے ۔ اس سلسلہ میں آج ایشیا کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے بھی مذمتی بیان جاری کر کے کہاکہ قرآن حکیم میں تحریف کے قائل لوگ خارج اسلام ہیں۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ قرآن حکیم اللہ کا مقدس کلام ہے اور اس میں آج تک کسی قسم کا کوئی تغیرو تبدل نہ ہواہے، اور نہ ہی اس میں کسی بھی ادنیٰ ترین تبدیلی کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرات خلفاءکرام رضی اللہ عنہم پر قرآن کریم میں تبدیلی کا الزام ایک بہتا ن عظیم ہے، جو تاریخی اور علمی طورپر بالکل بے بنیاد ہے۔ قرآن کریم پوری دنیا کے لئے امن وانسانیت اور خیر و ہدایات کا پیامبر ہے،اس کے باوجود روز اول سے قرآن حکیم کے خلاف اسلام دشمن عناصر کی ریشہ دوانیاں جاری رہی ہیں۔ہمارے ملک میں بھی کئی بار قرآن مجید کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سامنے آئے ہیں۔


مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ معلوم ہوا کہ حال ہی میں ایک معروف اسلام دشمن شخص نے عدالت عظمیٰ میں قرآن پاک کی چند آیات کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کی ہے اور اللہ رب العزت کے اس کلام کے خلاف فتنہ انگیز بیانات بھی دیئے ہیں۔ مولانا نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند اس کی پرزور مذمت کرتاہے اور حکومت ہند سے اپیل کرتاہے کہ اس قسم کی شرانگیزی کے سدباب کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں ، ایسے نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ جہاں تک عدالت عظمیٰ کا معاملہ ہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ وہ مذہب اور عقائد کی اہمیت اور آئینی بنیادی حقوق کو ملحوظ رکھتے ہوئے جلد ہی اس رٹ کو خارج کردے گا۔

مفتی ابوالقاسم نے آگے کہاکہ ایسے ناپاک عناصر سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے کسی حد تک بھی گرِ سکتے ہیں،اس لئے ایسے افراد کا نام لینے سے بھی گریز کرنا چاہئے اور اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ باوجود اس کے یہ معاملہ ہر ایمان والے کے لئے حد درجہ تکلیف دہ او راذیت ناک ہے ،اس وقت صبر و تحمل سے کام لیں اوراشتعال انگیزی سے بچ کر اس قسم کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔ مولانا نے مزید کہاکہ امت مسلمہ ایسے فتنوں کے سدباب کے لئے اللہ سے لو لگائے ،قرآن حکیم کی تلاوت کثرت سے کرے ،قرآنی تعلیمات کو عام کرے ،اللہ تعالیٰ سے دعائیں کرے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حکمت کا سہارا لے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔