مندر پر قانون نہ بنا تو ہو سکتی ہے خانہ جنگی، بابا رام دیو کی دھمکی

بابا رام دیو نے کہا کہ ’’رام مندر پر اگر قانون نہ بنایا گیا تو لوگ خود ہی مندر تعمیر کرنا شروع کر دیں گے اور اگر ایسا ہوا تو خانہ جنگی بھی شروع ہو سکتی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: یوگ گرو بابا رام دیو نے کہا ہے کہ اگر اس وقت ایودھیا میں رام مندر نہیں بنا تو لوگوں کا بی جے پی پر سے بھروسہ اٹھ جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ اب جب مرکز اور ریاست دونوں جگہ بی جے پی کی حکومتیں ہیں تو اگر اب بھی ایودھیا میں رام مندر نہیں بنایا گیا تو لوگوں کا بی جے پی پر سے بھروسہ اٹھ جائے گا جوکہ برسراقتدار پارٹی کےلئے اچھا نہیں ہوگا۔

گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی کھلے عام حمایت کرنے والے اور وزیراعظم نریندرمودی کے جگ ظاہر حامی مانے جانے والے بابا رام دیو نے یہ باتیں نامہ نگاروں سے کہیں۔

بابا رام دیو نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کے دو ہی راستے ہیں۔ ایک تو یہ کہ لوگ قانون اور عدالت کی پرواہ کئے بغیر خود ہی اسے بنانا شروع کردیں۔ ایسا ہونے پر سوال اٹھائے جائیں گے۔ دوسرا یہ ہے کہ حکومت جمہوریت کے سب سے بڑے ادارے پارلیمنٹ کے ذریعہ قانون بناکر ایسا کرے۔

بابا رام دیو نے کہا کہ آئینی عمل میں اتنی تاخیر ہوچکی ہے کہ لوگوں کو عدالت کے ذریعہ اس معاملے کے جلد سلجھنے کی امید ہی نہیں ہے۔ اب مودی حکومت مندر بنانے کے لئے آرڈینینس لاسکتی ہے۔ ملک کے عوام ایودھیا میں اب رام مندر دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ رام اقلیتوں اور اکثریتوں کے درمیان تنازعہ کا موضوع نہیں، کیونکہ وہ دونوں ہی کے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بابا رام دیو گجرات میں پتنجلی کپڑوں کے پہلے اسٹور کے افتتاح کے لئے آئے تھے۔ انہوں نے وڈودرا میں کپڑوں کے ایسے دوسرے اسٹور کا بھی افتتاح کیا جس میں نئے فیشن کے کپڑے اور جینز وغیرہ فروخت کی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Dec 2018, 4:09 PM
/* */