بہار میں ’جنگل راج‘ نہیں ’جنتا راج‘ ہے، بی جے پی لوگوں میں پھوٹ ڈال کر حکومت کرنا چاہتی ہے: نتیش کمار

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں نریندر مودی کے متبادل کے سوال پر کہا کہ یہ وقت آنے پر پتہ چل جائے گا۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دہلی دورے سے لوٹنے کے بعد جمرات کو بی جے پی کے الزامات پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہاں جنگل راج نہیں، جنتا راج ہے۔" انھوں نے پوچھا کہ ملک میں کہیں ایسا کوءی ریاست ہے جہاں حادثہ نہیں ہوتا ہو۔ اس کے ساتھ ہی نتیش کمار نے بی جے پی کو خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کچھ کام کرتے نہیں ہیں، بس سبھی لوگوں کو الگ کر یہاں حکومت کرنا چاہتے ہیں۔

نتیش کمار نے کہا کہ کچھ لوگ الگ سوچ والے ہیں، لیکن ہم لوگوں کی سوچ سماج کو متحد رکھ کر کام کرنا ہے اور سب کی ترقی کرنی ہے۔ انھوں نے بہار میں شرح پیدائش کم ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو پڑھانے کے بعد شرح پیدائش میں کمی آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم لوگ تو کام کر ہی رہے ہیں، لیکن ہمارے کام کی تشہیر نہیں ہوتی۔ ہمارے صرف خلاف بولا جاتا ہے، تو بولتے رہیں۔


بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی کے ذریعہ لگاتار لگائے جا رہے الزامات کو لے کر انھوں نے پھر کہا کہ کچھ لوگوں کو میرے خلاف بولنے سے پارٹی میں جگہ مل جائے تو یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے۔ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخاب میں نریندر مودی کے متبادل کو لے کر پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ وقت آنے پر پتہ چل جائے گا۔ انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد میں لیڈر کو لے کر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ابھی تو ملنے کا کام ہو رہا ہے، اس کے بعد مل بیٹھ کر بات ہوگی اور طے کر لیا جائے گا۔

حالانکہ اس درمیان نتیش کمار نے اس بات کو ایک بار پھر دہرایا کہ وہ وزیر اعظم کے امیدوار نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کچھ مہینے میں ساری بات ہو جائے گی اور پھر سبھی ایک ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ ہم لوگ جلد ہی طے کریں گے کہ ملک کے لیے کیا کچھ کرنا ہے، ملک اور ریاست کی ترقی کے لیے کیا کرنا ہے، سب باتیں ہوں گی۔ نتیش کمار نے کہا کہ ابھی جو اقتدار میں ہیں، ان کا کیا کام ہے، وہ تو صرف لوگوں کو الگ الگ کر کے راج کرنا چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔