کشمیر میں موسم خشک مگر سردی اور سڑکوں پر جمع پانی سے لوگوں کا حال بے حال

وادی کشمیر میں اگرچہ گزشتہ دو دنوں سے موسم خشک ہے تاہم جہاں ایک طرف شبانہ درجہ حرارت کمی و بیشی کے ساتھ مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے لوگ شدید سردی سے چھٹکارا حاصل نہیں کرپا رہے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں اگرچہ گزشتہ دو دنوں سے موسم خشک ہے تاہم جہاں ایک طرف شبانہ درجہ حرارت کمی و بیشی کے ساتھ مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے لوگ شدید سردی سے چھٹکارا حاصل نہیں کرپا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف حالیہ بھاری برف باری سے سڑکوں پر جمع ہوئے پانی سے لوگوں کا گھروں سے باہر قدم رکھنا امر محال بن گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کی طرف سے جاری کردہ موسمی بلیٹن کے مطابق وادی میں اتوار کو اگرچہ موسم خشک رہے گا تاہم 20 سے 24 جنوری کے درمیان کہیں کہیں برف و باراں ہوسکتی ہے۔


وادی کشمیر میں ہفتے کے روز موسم دن بھر خشک مگر ابر آلود رہا۔ صبح کے وقت سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کے باعث اگرچہ گاڑیوں کو چلنے پھرنے میں دشواریاں پیش آئیں تاہم دن گذرنے کے ساتھ ساتھ برف پگھلنے لگا جس سے سڑکوں پر اگرچہ پھسلن ختم ہوئی لیکن پانی اس قدر جمع ہوا کہ لوگوں خاص کر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کا عبور ومرور امر محال بن گیا۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی کی سڑکیں تو معمولی نوعیت کی بوندا باندی سے زیر آب آتی ہیں اور جب برف باری ہوجاتی ہے تو سڑکیں دریاؤں کا نظارہ پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کی سڑکوں کے کناروں پر موزوں ڈرینیج سسٹم کی عدم موجودگی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا باعث بن جاتا ہے۔


محمد ایوب نامی ایک شہری نے کہا کہ سڑکوں پر جگہ جگہ پر گہرے گڑے ہیں جن میں اگر چھوٹا بچہ گر جائے گا تو اس کا زندہ بچنا محال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سڑکوں کی حالت یہ ہے کہ موسم گرما میں چلنے پھرنے کے لائق نہیں ہوتی ہیں موسم سرما کی تو بات ہی نہیں ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے قدرے زیادہ ہے۔ وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یونین ٹریٹری آف لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دراس میں منفی 24.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں بالترتیب منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔