پاکستان میں پھر توڑا گیا مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ، ہندوستان برہم

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ ’’ہم نے لاہور میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑے جانے کے بارے میں میڈیا رپورٹیں دیکھی ہیں، یہ مجسمہ گرانے کا تیسرا واقعہ ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان نے منگل کے روز پاکستان کے لاہور قلعے میں سکھ حکمراں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے وہاں کے سماج میں اقلیتی برادریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی عدم رواداری کی علامت ہیں جنہيں روکنے میں حکومت پاکستان ناکام ہو چکی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمہ کو پاکستان میں اس سے قبل بھی نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے میڈیا کے سوال پر آج دہلی میں کہا کہ ’’ہم نے آج لاہور میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑے جانے کے بارے میں میڈیا رپورٹیں دیکھی ہیں۔ سال 2019 میں نصب کئے جانے کے بعد سے یہ مجسمہ گرانے کا تیسرا واقعہ ہے۔ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے ثقافتی وراثت پر اس طرح کے حملے اقلیتی برادریوں کے احترام میں کمی اور وہاں کے سماج میں عدم رواداری بڑھنے کی علامت ہیں۔‘‘


ارندم باغچی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے خلاف تشدد کے واقعات اور ان کی عبادت گاہوں اور ثقافتی وراثت پر حملے اور ان کی ذاتی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت پاکستان ایسے حملوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس سے اقلیتی برادریوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقلیتی برادریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔