مہنگائی سے عوام بے حال، راہل گاندھی نے کہا ’جیب کتروں سے محتاط رہیں‘

بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت اعلیٰ سطح پر رہنے کے درمیان گھریلو سطح پر پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اس مہینے کے پہلے دن اضافہ جاری رہا، اس پر راہل گاندھی نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں لگاتار بڑھ رہی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر عوا پریشان ہے۔ نہ صرف پٹرول اور ڈیزل، بلکہ رسوئی گیس کی قیمتوں میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے کئی شہروں میں پٹرول کی قیمت 120 روپے کے پار ہو گئی ہے۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’جیب کتروں سے محتاط!‘‘ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بڑھتی مہنگائی کو لے کر مرکزی حکومت پر براہ راست حملہ کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی راہل گاندھی نے کئی بار مودی حکومت کو مہنگائی کو لے کر گھیرا ہے۔ راہل گاندھی لگاتار اپنے ٹوئٹ اور بیانات کے ذریعہ مرکزی حکومت کو گھیرتے رہتے ہیں۔ ایک بار پھر آج انھوں نے پٹرول-ڈیزل کی بڑھی ہوئی قیمت پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’جیب کتروں سے محتاط!‘‘ اس کے ساتھ انھوں نے ہیش ٹیگ ٹیکس ایکسٹورشن بھی لگایا۔ اس ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے ایک خبر بھی شیئر کی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ایکسائز ٹیکس سے حکومت کی کمائی بڑھی ہے۔


واضح رہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت اعلیٰ سطح پر رہنے کے درمیان گھریلو سطح پر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اس مہینے کے پہلے دن پیر کو لگاتار چھٹے دن ابال جاری رہا۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ان دونوں کی قیمتوں میں 35-35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا جس کے بعد راجدھانی دہلی میں پٹرول 109.69 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 98.42 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ اکتوبر میں 31 دنوں میں سے 24 دن ان دونوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا اور اس دوران پٹرول 7.70 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 8.30 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا تھا۔ آج کو ملا کر 25 دنوں میں پٹرول 7.85 روپے اور ڈیزل 8.65 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔