مدھیہ پردیش کے گورنر نے اسٹیج سے لگوایا ’جئے شری رام‘ کا نعرہ، پھر کہا ’کون نہیں بولا مجھے سب نظر آ رہا‘

ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل نے مختلف موضوعات پر تقریب میں موجود لوگوں سے خطاب کیا، اس دوران انھوں نے دو بار ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگوائے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس کو لے کر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ ویڈیو ایک تقریب کی ہے جس میں گورنر منگو بھائی پٹیل نے اسٹیج سے ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگوائے۔ دراصل مدھیہ پردیش کے گورنر آگر مالوا کے لسوڈیا گوپال گاؤں میں سرکاری اسکول میں منعقد ایک تقریب میں پہنچے تھے۔ یہاں انھیں پردھان منتری آواس یوجنا، آنگن واڑی سنٹر اور ہیلتھ کیمپ سے جڑے منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔

ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ انھوں نے مختلف موضوعات پر وہاں موجود لوگوں سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے ایک بار ’وَندے ماترم‘ اور دو بار ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگوائے۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھائی دے رہا ہے کہ آواز کم آنے پر انھوں نے چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ’’کون نہیں بولا مجھے سب دکھائی دے رہا ہے۔‘‘ جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو لوگ الگ الگ طرح کی رائے دیتے ہوئے نظر آئے۔


قابل ذکر ہے کہ گورنر کا عہدہ ایک ایڈمنسٹریٹو عہدہ ہے، اور اس عہدہ پر بیٹھی ہستیوں کو اب تک کسی اسٹیج پر اس طرح ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی لوگ گورنر منگو بھائی پٹیل کے اس نعرے پر اعتراض ظاہر کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ’اے بی پی‘ نیوز پورٹل پر ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس سے اس معاملے میں رد عمل لینے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی واضح جواب نہیں ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔