’آئی این ایس مورموگاؤ‘ کی شکل میں ہندوستانی بحریہ کو آج ملے گی نئی طاقت

آئی این ایس مورموگاؤ کی لمبائی 163 میٹر اور چوڑائی 17 میٹر اور اسے چار طاقتور گیس ٹربائنز سے توانائی حاصل ہوگی، جس سے اسے 48 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل ہو سکے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جدید ہتھیاروں سے لیس مقامی میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس مورموگاؤ (INS Mormugao) کو آج ہندوستانی بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ممبئی میں جدید سینسرز اور ریڈار سے لیس جنگی جہاز کو ہندوستانی بحریہ کے حوالے کریں گے۔ بحر ہند میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے درمیان ہندوستانی بحریہ میں اس جنگی جہاز کی شمولیت کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔

ممبئی کے مجھگاؤں ڈاکیارڈ میں تیار کئے گئے آئی این ایس مورموگاؤ میں بے شمار خصوصیات ہیں۔ اس اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کو جدید تنکیک کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ جنگی جہاز ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہازوں کے بیڑے میں سب سے زیادہ قابل اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہے۔ اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کی بیرونی تہہ خاص اسٹیل سے بنی ہے، تاکہ دشمن اسے ریڈار پر تلاش نہ کر سکے۔


آئی این ایس مورموگاؤ میں درمیانے فاصلے کی سطح سے ہوا میں مار کرنے والے ایس اے ایم میزائل، سطح سے سطح پر مار کرنے والے ایس ٹی ایس میزائل، ٹارپیڈو ٹیوب اور لانچرز، اینٹی سب میرین راکٹ لانچرز اور سپر ریپڈ گن ماؤنٹ کے علاوہ کامبٹ منیجمنٹ سسٹم، مربوط پلیٹ فارم مینجمنٹ نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں خودکار پاور مینجمنٹ سسٹم، فولڈ ایبل ہینگر دروازے، ہالو ٹراورسنگ سسٹم، کلوز ان ویپن سسٹم اور بو ماونٹڈ سونار بھی نصب ہیں۔

آئی این ایس مورموگاؤ کی لمبائی 163 میٹر اور چوڑائی 17 میٹر اور اسے چار طاقتور گیس ٹربائنز سے توانائی حاصل ہوگی، جس سے اسے 48 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل ہو سکے گی۔ اس جنگی جہاز کے بحریہ میں شامل ہونے کے بعد ہندوستان کی طاقت تین گنا بڑھ جائے گی۔ مورموگاؤ 15بی کلاس کا دوسرا مقامی اسٹیلتھ ڈسٹرائر، جوہری، حیاتیاتی اور کیمیائی جنگ کے خلاف دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پروجیکٹ کا پہلا جہاز آئی این ایس وشاکھاپٹنم گزشتہ سال ہندوستانی بحریہ میں شامل کیا گیا تھا۔


اس پر براہموس، براک-8 جیسے 8 میزائل نصب کیے جائیں گے۔ ملک کے جدید ترین گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر میں اسرائیل کا ملٹی فنکشن سرویلنس تھریٹ الرٹ ریڈار ’ایم ایف اسٹار‘ بھی نصب ہے۔ یہ فضا میں موجود ہدف کو کئی کلومیٹر دور سے پہچان لے گا جس کی وجہ سے یہ درست طریقے سے نشانہ بنا سکے گا۔ یہ پرواز بھرتے ہوئے جہاز پر 70 کلومیٹر اور زمینی یا سمندری اہداف پر 300 کلومیٹر کے فاصلے پر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی این ایس مورموگاؤ 127 ملی میٹر بندوق سے بھی لیس ہے اور اس پر اے کے-630 اینٹی میزائل گن سسٹم بھی موجود ہے۔ مورموگاؤ پر دو آر بی ای یو-6000 اینٹی سب میرین راکٹ لانچر بھی نصب ہیں۔ بحریہ کے ہیلی کاپٹر انتہائی خراب موسم میں بھی اس پر لینڈ کر سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔