گجرات کے موربی پل حادثہ کا اثر! اتراکھنڈ کے تمام پلوں کا ’سیفٹی آڈٹ‘ کرانے کے احکامات جاری

پرنسپل سکریٹری نے چیف انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں واقع پلوں سے متعلق تازہ ترین معلومات ہر صورت میں 3 ہفتوں کے اندر حکومت کو فراہم کی جائیں۔

گجرات کے موربی میں منہدم پل / Getty Images
گجرات کے موربی میں منہدم پل / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ میں تمام پلوں کا سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا، اس سے متعلق حکم نامہ محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سکریٹری آر کے سدھانشو نے جاری کیا ہے۔ قبل ازیں، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی اس سلسلہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایات دی تھیں۔

پرنسپل سکریٹری آر کے سدھانشو کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ریاست میں پلوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہونے، مقررہ وقت میں پریڈیکمینٹل سیفٹی آڈٹ کا انتظام نہیں ہونے، ٹریفک کے نقل و حمل کے دوران لوڈ کی گنجائش سے زیادہ ہونے، پلوں کے قریب سائنز نہ ہونے اور پلوں کی تعمیر میں زیادہ وقت لگنے کی وجہ سے ملک اور ریاست کے کئی اہم پل حادثہ کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کے سبب جان و مال کا نقصان ہونے کے ساتھ ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے۔


انہوں نے چیف انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق اس سلسلے میں فوری کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے ریاست میں واقع پلوں سے متعلق تازہ ترین معلومات ہر صورت میں 3 ہفتوں کے اندر حکومت کو فراہم کی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پلوں کے سلسلے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے ضلعی سطح کے افسران متعلقہ ضلع کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسے پل جن کی تعمیر کو برسوں گزر چکے ہیں، ان میں بوجھ برداش کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے۔ ہر ایک پل کا سیفٹی آڈٹ کرواتے ہوئے دیکھ بھال وغیرہ کی تجویز فوری طور پر حکومت کو پہنچائی جائے، پلوں کے قریب سائن بورڈوں کا مناسب انتظام کیا جائے۔ کسی بھی قسم کے حادثے کی صورت میں متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر مکمل طور پر ذمہ دار ہوں گے۔


خیال رہے کہ اتوار کو گجرات کے موربی میں معلق پل گرنے سے تقریباً 400 لوگ مچھو ندی میں گر گئے تھے۔ پل گزشتہ 6 ماہ سے بند تھا اور اسے دیوالی کے ایک دن بعد یعنی 25 اکتوبر کو ہی عام لوگوں کے لیے کھولا گیا گیا۔ پل کی صلاحیت صرف 100 افراد کی تھی لیکن اتوار کو اس پر تقریباً 500 لوگ موجود تھے۔ چنانچہ یہ پل ٹوٹ گیا اور 140 افراد ہلاک ہو گئے۔ موربی کا یہ معلق پل 140 سال سے زیادہ پرانا ہے اور اس کی لمبائی تقریباً 765 فٹ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔