سی بی ایس ای کے باقی ماندہ امتحان منسوخ کرنے کے معاملے میں سماعت جمعرات تک ملتوی

سپریم کورٹ نے انسانی وسائل کی وزارت اور سی بی ایس ای کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ کی درخواست پر سماعت جمعرات دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ 
سپریم کورٹ
user

یو این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 10 اور 12 ویں کے باقی بچے امتحان منسوخ کرنے اور داخلی اندازے کی بنیاد پر ریزلٹ جاری کرنے سے متعلق عرضی کی سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔ جسٹس اے ایم کھانولکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے انسانی وسائل کی وزارت اور سی بی ایس ای کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ کی درخواست پر سماعت جمعرات دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔

مہتہ نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر غور و خوض کر رہی ہے اور بدھ کی شام تک اس پر فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’فیصلہ کا عمل کافی آگے پہنچ چکا ہے۔ کل شام تک باضابطہ فیصلہ لے لیا جائے گا۔ ہم طلبا کی تشویشات سے واقف ہیں۔ ہم عدالت کو فیصلے کے بارے میں پرسوں مطلع کرسکتے ہیں‘‘۔ اس کے بعد جسٹس کھانولکر نے کہا کہ وہ جمعرات دو بجے معاملے کی سماعت کریں گے۔ اس دوران جسٹس کھانولکر نے مہتہ سے کہا کہ کاؤنسل فار دی انڈین اسکول سرٹی فکیشن ایکزامینیشن کی جانب سے چلائے جانے والے انڈین سرٹی فکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (آئی سی ایس ای) سے متعلق معاملہ بھی بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔ کیا حکومت اس پر جواب دینا چاہے گی۔


اس پر سالیسیٹر جنرل نے کہا کہ وہ صرف مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہو رہے ہیں۔ اگر انہیں عرضی دی جاتی ہے تو وہ اس کا جواب دے سکتے ہیں۔ آئی سی ایس ای کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل جے دیپ گپتا نے کہا کہ وہ سی بی ایس ای بورڈ امتحان کے معاملے میں حکم کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ بامبے ہائی کورٹ نے عدالت عظمی میں آج ہونے والی سماعت کے پیش نظر اپنے یہاں سماعت ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے اس پر گپتا سے سوال کیا کہ کیا آئی سی ایس ای اس فیصلے کو تسلیم کرے گی جو مرکزی حکومت یا سی بی ایس ای کی جانب سے لئے جائیں گے۔ اس کا گپتا نے ’ہاں‘ میں جواب دیا۔

جسٹس کھانولکر نے گپتا سے کہا ’’صورتحال بہت ہی غیر معمولی ہیں۔ اگر حکومت کوئی فیصلہ لیتی ہے اور آپ کو مطلہ کرتی ہے تو برائے مہربانی اسے سنجیدگی سے لیجیے۔ آپ (آئی سی ایس ای) خود مختار ادارہ ہیں اس لئے ایسا نہ ہو کہ آپ فیصلہ کو تسلیم نہ کریں‘‘۔ اس پر گپتا نے کہا کہ ’’ہم فیصلہ کا احترام کریں گے‘‘۔ اس کے بعد عدالت نے آئی سی ایس ای کو عرضی کی ایک کاپی مہتہ کو سونپنے کا حکم دیا۔


امت بتھلا کی قیادت میں والدین کے ایک گروپ نے باقی امتحان کے مجوزہ انعقاد کو منسوخ کرنے اور اندرونی اندازے کی بنیادی پر نتائج کا اعلان کرنے کے سلسلے میں عدالت عظمی کا رخ کیا ہے۔ْ اس عرضی پر گزشتہ 17 جون کو عدالت نے سی بی ایس ای سے اس بارے میں غور کرنے اور آج تک اس بارے میں مطلع کرانے کو فروغ انسانی وسائل کی وزارت اور سی بی ایس ای سے کہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */