ہتک عزتی معاملہ میں راہل گاندھی کی عرضی پر دو مئی کو سماعت کرے گا گجرات ہائی کورٹ

گجرات ہائی کورٹ نے ہفتہ کو کہا کہ ہتک عزتی کے معاملہ میں کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی اپیل پر دو مئی کو سماعت شروع کرے گا

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: گجرات ہائی کورٹ نے ہفتہ کو کہا کہ ہتک عزتی کے معاملہ میں کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی اپیل پر دو مئی کو سماعت شروع کرے گا۔ سورت کے میٹروپالیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے ’مودی کنیت‘ کے حوالہ سے 2019 لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے دوران کرناٹک میں کیے گئے نا کے تبصرہ کے لیے ہتک عزتی کے ایک معاملہ میں مارچ میں راہل گاندھی کو قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال کی سزا سنائی تھی۔

ہائی کورٹ میں جسٹس گیتا گوپی کی طرف سے معاملہ سے خود کو علیحدہ کرنے کے بعد جسٹس ہیمنت پرچھک کانگریس لیڈر کی اپیل پر سماعت کریں گے۔ راہل گاندھی کی طرف سے کانگریس لیڈر اور سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی پیروی کر رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے گجرات ہائی کورٹ میں کریمنل ریویو پٹیشن دائر کی ہے، جس میں انہوں نے گجرات سیشن کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں سیشن کورٹ نے ان کو قصوروار قرار دینے اور سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔


راہل گاندھی کو سزا سنائے جانے کے بعد انہیں لوک سبھا کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ اگر ہائی کورٹ ان کی عرضی کو سماعت کے لیے قبول کر لیتا ہے تو ان کی لوک سبھا کی رکنیت بحال ہو سکتی ہے۔ انہیں مجرم قرار دیے جانے کے بعد اپیل کے لیے 30 دن کا وقت دیا گیا تھا۔

قبل ازیں، سیشن عدالت میں دائر کی گئی اپیل میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ان کے رکن پاریمنٹ ہونے کے سبب عدالت نے ان کے تئیں سخت موقف اختیار کیا۔ تاہم جج نے ان کی دلیل کو قبول نہیں کیا تھا کہا کہ وہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ان کی سزا کو معطل نہ کر کے اور انہیں الیکشن لڑنے کا موقع نہ دینے سے انہیں مستقل نقصان ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔