'کسانوں کو بے وقوف بنانے کے لیے مرکزی حکومت نیا شگوفہ تیار کر رہی'، اکھلیش یادو نے مودی حکومت پر کیا شدید حملہ

اکھلیش یادو نے مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ڈیزل، پٹرول، کھاد، بیج، جراثیم کش دوا وغیرہ دیگر زرعی استعمال کی چیزوں کے بڑھتی قیمتوں سے کسانوں کی آمدنی کیسے دوگنی ہوگی؟

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مودی حکومت کو آج سخت انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی گزشتہ آٹھ سالوں سے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا جھوٹا وعدہ کرتی رہی ہے، لیکن اس سمت میں کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ پہلے کہا گیا کہ 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کر دیں گے، اب کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے لیے فرانس کی حکومت سے معاہدہ ہو رہا ہے۔ حکومت نے اب کسانوں کو بے وقوف بنانے کا نیا شگوفہ تیار کیا ہے۔

سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ڈیزل، پٹرول، کھاد، بیج، جراثیم کش دوا وغیرہ دیگر زرعی استعمال کی چیزوں کے بڑھتی قیمتوں سے کسانوں کی آمدنی کیسے دوگنی ہوگی؟ یہ تو بالکل سمجھ سے بالاتر ہے۔ جب 2022 اپنے اختتام پر ہے تو بی جے پی کا یہ کہنا ہے کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے منصوبہ پر غور و خوض چل رہا ہے۔ یہ بیان اس وقت مضحکہ خیز ہو جاتا ہے جب یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ غیر ملکی مدد سے ہی ممکن ہو سکے گا۔


اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت جانتی ہے کسان اس کے جھوٹ میں اب نہیں آنے والا ہے۔ کسان بی جے پی کی چالبازیوں کو سمجھنے لگا ہے تو اب حکومت نیا خواب دکھانے میں مصروف ہو گئی ہے۔ حکومت اب کہہ رہی ہے کہ اس نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے لیے فرانس کے اینوٹیرا ایجی فرم کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے۔ یہ حکومت کا کسانوں کے ساتھ ایک اور جھانسہ ہے۔ کیسا افسوس کا مقام ہے کہ 80 کروڑ لوگوں کو اناج تقسیم کرنے کا ڈھنڈھورا پیٹنے والی بی جے پی حکومت اناج پیدا کرنے والے کسانوں کے ساتھ دھوکے پر دھوکہ کرنے میں نہیں جھجک رہی ہے۔

یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب سے بی جے پی حکومت تشکیل پائی ہے، کسانوں کے برے دن شروع ہو گئے ہیں۔ قرض معافی کے نام پر انھیں بہکایا گیا، سمان ندھی دے کر جبراً وصولی شروع کر دی گئی، بجلی بل معافی کا خواب دکھا کر ووٹ بٹورے گئے لیکن کوئی رعایت نہیں دی گئی، کسانوں کو مفت آبپاشی کی سہولت بھی نہیں ملی۔ گنا کسانوں کی بقایہ ادائیگی بھی نہیں ہو رہی ہے۔ کسان کی آمدنی دوگنی کرنے میں اتر پردیش حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔