بی جے پی لیڈر کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی

بنگال بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اس قتل کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہے۔ درمیانی رات میں لاش کو درخت سے لٹکاکر پارٹی ورکروں کو خوف زدہ کرنے کی کی کوشش کی گئی ہے۔

خودکشی، علامتی تصویر
خودکشی، علامتی تصویر
user

یو این آئی

کلکتہ: مغربی بنگال کے ہگلی ضلع میں ایک درخت سے بی جے پی لیڈر کی لاش لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوگھاٹ علاقے سے کھاناتی گاؤں میں ایک درخت سے درمیانی عمر کے گنیش رائے کی لاش لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے الزام عاید کیا ہے کہ اس کے پیچھے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے لوگوں کا ہاتھ ہے۔ رائے سنیچر کی شام سے ہی لاپتہ تھے۔ پولس نے بتایا کہ اس معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

بنگال بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اس قتل کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہے۔ درمیانی رات میں لاش کو درخت سے لٹکاکر پارٹی ورکروں کو خوف زدہ کرنے کی کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ورکروں کو درختوں پر لٹکانے کا یہ نیا سلسلہ، مگر ہم ان حملوں کا کرارا جواب دیں گے۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ اس قتل کے پیچھے پارٹی ورکروں کا ہاتھ نہیں ہے۔ ہگلی سے بی جے پی کی ممبر پارلیمنٹ لاکٹ چٹرجی نے کہا کہ بہیمانہ قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ جمہوریت کے چمپئن کہاں ہیں۔ یہ لوگ بنگال میں بی جے پی ورکروں کے قتل پر خاموش کیوں ہے؟


اس واقعے کے خلاف بی جے پی ورکروں نے گوکھاٹ۔آرام باغ روڈ اور کچھ علاقے میں سڑک کو بھی جام کیا ہے۔ 28جولائی کو مشرقی مدنی پور کے ہلدیا میں بی جے پی کے بوتھ صدر کی لاش لٹکی ہوئی برآمد ہوئی تھی۔ اس سے قبل شمالی دیناج پور کے ہیمت آباد سے ممبر اسمبلی دیبندر ناتھ جو سی پی ایم چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے کی لاش ایک دکان کے باہر لٹکی ہوئی برآمد ہوئی تھی۔ اس واقعے کے لئے بھی ترنمول کانگریس پر الزام عاید کیا گیا تھا مگر بعد میں ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممبر اسمبلی قرض کی ادائیگی سے قاصر تھے اور اس کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2020, 7:38 PM