ایک دہشت گرد نے دوسرے دہشت گرد کو محب وطن قرار دیا، راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتائے جانے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گرد دوسرے دہشت گرد کو محب وطن بتا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پرگیہ ٹھاکر کی طرف سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دینے کے بعد سے حزب اختلاف کی طرف سے زور و شور سے حکومت کی سرزنش کی جا رہی ہے اور پارلیمنٹ میں بھی اس معاملہ پر ہنگامہ آرائی کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتائے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گرد دوسرے دہشت گرد کو محب وطن بتا رہی ہے۔

راہل گاندھی نے جمعرات کو ٹوuٹ کرکے کہا، ’’دہشت گرد پرگیہ نے دہشت گرد گوڈسے کو محب وطن بتایا۔ ہندوستان کی پارلیمنٹ کی تاریخ میں یہ ایک افسوس ناک دن ہے۔‘‘


واضح رہے کہ بدھ کو ایوان میں ایس پی جی بل پر بحث کے دوران پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ناتھورام گوڈسے کو محب وطن بتایا تھا جس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا حالانکہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پرگیہ کے بیان کو لوک سبھا کی کارروائی سے حذف کردیا تھا۔ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا، ’’پرگیہ جو کہہ رہی ہیں وہی بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے دل میں بھی ہے۔ یہ لوگ گاندھی جی کی کتنی بھی پوجا کریں لیکن ان کے دل میں کچھ اور ہی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب پرگیہ نے ناتھورام گوڈسے کو محب وطن بتایا ہو۔ اس سے پہلے بھی لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا۔‘‘


حزب اختلاف کا واک آؤٹ

ادھر، پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان کے خلاف لوک سبھا میں جمعرات کو اپوزیشن نے ہنگامہ کیا اور کانگریس سمیت حزب اختلاف کی پارٹیوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ حزب اختلاف کے اس معاملہ پر بحث کا مطالبہ کرنے پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر کے بیان کو ایوان کی کارروائی سے نکال دیا گیا تھا، جب ان کا بیان ریکارڈ میں نہیں ہے تو اس پر بحث کس طرح ہو سکتی ہے؟

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن سمجھتا ہے تو ہماری پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔ مہاتما گاندھی ہمارے لئے مثالی ہیں۔ وہ ہمارے رہنما تھے اور آگے بھی رہیں گے۔


کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ایک پارٹی کو دہشت گرد پارٹی کہا تھا جبکہ اس پارٹی سے ہزاروں رہنماؤں نے ملک کی آزادی کے لئے قربانی دی تھی۔ یہ کیا ہو رہا ہے؟ کیا ایوان اس پر خاموش رہے گا؟ مہاتما گاندھی کے قاتل کو محب وطن کہا جا رہا ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2019, 2:12 PM
/* */