مرادآباد میں خوفناک سڑک حادثہ، 10 ہلاک، تقریباً ایک درجن افراد زخمی

پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ڈرائیور والی سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مراد آباد: اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے کندرکی علاقے میں ہفتے کے روز گھنے کہرے میں ایک کینٹر اور بس کے مابین ہونے والی خوفناک ٹکر میں کم از کم 10 مسافروں کی موت ہوگئی، جبکہ 11 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجے مراد آباد-آگرہ ہائی وے پر بلاری سرکل میں حسین پور پلیا نان پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ڈرائیور والی سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ ان دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے ساتھ ہی ایک 10 ٹائر والا ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ اس خوفناک ٹکر میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ حادثے کی زد میں آئے زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔


وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 2،2 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا مناسب علاج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے ہفتے کے روز ہونے والے اس سڑک حادثے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔