تلنگانہ: ضبط گاڑیاں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ہی مالکان کو واپس ملیں گی

ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ ایمرجنسی اور ضروری خدمات کے علاوہ سڑکوں پر بغیر اجازت نظرآنے والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا اور یہ گاڑیاں لاک ڈاون ختم ہونے تک مالکان کو نہیں ملیں گی۔

ڈی جی پی تلنگانہ،  مہیندر ریڈی، تصویر آئی اے این ایس
ڈی جی پی تلنگانہ، مہیندر ریڈی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ لاک ڈوان کے دوران ضبط کی گئی گاڑیاں لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ہی مالکین کو واپس ملیں گی۔ انھوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے آج شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر لاک ڈاون پر عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت اور سائبرآباد کے کمشنر پولیس وی سی سجنار کے ساتھ مختلف مقامات پر لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

ڈی جی پی نے حیدرآباد، سائبرآباد اوررچہ کنڈہ کمشنریٹس کے مخلتف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاون کے نفاذ پرعمل کا شخصی طور پرمعائنہ کیا۔ انھوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کریں اورلاک ڈاون کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے۔


ڈی جی پی نے شاپنگ کامپلیکس، دکانات، ہاکرس اور ترکاری مارکٹوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ وہ دس بجے سے لاک ڈاون پریقینی بنائیں اوراس کے لئے ساڑھے 9 بجے کے بعد نئے افراد کو دکانات میں داخل ہونے نہ دیں اور دکانات بند کرنے کا کام شروع کردیا جائے، تاکہ دس بجے سے لاک ڈاون پر سختی کے ساتھ عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے شہریوں سے بھی خواہش کی کہ وہ شہرکے ایک مقام سے دوسرے مقام کو جانے سے احتیاط کریں۔ راحت کے اوقات میں مکانات کے قریب واقع دکانات سے ہی اشیائے ضروریہ خریدیں تاکہ وہ مقررہ وقت پر گھر پہنچ سکیں۔

ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ ایمرجنسی اور ضروری خدمات کے علاوہ سڑکوں پر بغیراجازت نظرآنے والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا اور یہ گاڑیاں لاک ڈاون ختم ہونے تک مالکین کو نہیں ملیں گی۔ انھوں نے عوام سے ایک بار پھر اس بات کی خواہش کی کہ وہ لاک ڈاون میں راحت کے دوران ہی تمام کام انجام دیں اور صبح دس بجے کے بعد ایمرجنسی ہو تو ہی باہرنکلیں۔ ڈی جی نے متعلقہ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صنعتوں میں کام کرنے والوں کی شفٹ سے متعلق بھی ان کے ذمہ داروں سے بات چیت کریں۔


مہیندرریڈی نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے تمام ٹاونس اور شہر میں نینشل ہائی ویز کے سوا انٹری اورایگزٹ پوائنٹس لاک ڈاون کے دوران بند رہیں گے۔ یہاں سے صرف ان گاڑیوں کو ہی گزرنے کی اجازت دی جائے گی جو مستثنیٰ ہوں گے۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ ڈاکٹرس کے پرانے پرسکرپشن لے کر باہر نکلنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اوران کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی یہ گاڑیاں بھی لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ہی ملیں گی۔ مہیندرریڈی نے بتایا کہ لاک ڈاون کے دوران مال بردارگاڑیوں کی آمدورفت زیادہ ہے اس لئے آج سے ان گاڑیوں کو رات کے اوقات میں ہی حمل ونقل کی اجازت رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔