’اپنی خواہشات چھوڑ کر عوام کی خواہشات پوری کریں‘، تیجسوی یادو کا نتیش کمار پر طنز

پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ بہار میں جب وزیر اعلیٰ اپنے گھر میں محفوظ نہیں تو دیگر لوگوں کی بات کرنا بے کار ہے۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو
user

قومی آوازبیورو

بہار اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی خواہش کو پورا کرنے کی فکر چھوڑ کر انھیں عوام کی خواہش پوری کرنی چاہیے۔ اس دوران تیجسوی یادو نے ریاستی نظامِ قانون سے متعلق کہا کہ آج بہار میں ہر چار گھنٹے پر عصمت دری اور پانچ گھنٹے پر قتل کا واقعہ ہوتا ہے۔

بہار قانون ساز کونسل انتخاب سے متعلق تشہیری سرگرمی کے لیے نکلنے کے دوران پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ بہار میں جب وزیر اعلیٰ اپنے گھر میں محفوظ نہیں تو دیگر لوگوں کی بات کرنا بے کار ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جرائم کے واقعات پوری ریاست میں ہو رہے ہیں اور نتیش حکومت اس تعلق سے کوئی سخت قدم نہیں اٹھا رہی۔


دوسری طرف وزیر اعلیٰ کے راجیہ سبھا رکن نہیں بننے کی خواہش سے متعلق پوچھے جانے پر آر جے ڈی لیڈر نے طنز کستے ہوئے کہا کہ پہلے عوام کی خواہش تو پوری کریں۔ لوگوں کو اپنی ہی خواہش پوری کرنی کی پڑی رہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کوئی ایشو نہیں ہے، اس سے کیا لینا دینا ہے، وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ اپنی خواہشات کو چھوڑ کر پہلے عوام کی خواہشات پوری کریں۔

تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ بہار میں موجودہ حکومت میں عوامی نمائندگان کو عزت و احترام نہیں ملا ہے۔ موجودہ حالات میں اسمبلی اسپیکر کو ہی عزت نہیں مل رہی ہے۔ بہرحال، واضح رہے کہ بہار قانون ساز کونسل کی 24 سیٹوں پر مقامی بلدہی سے ہونے والے انتخاب کے لیے چار اپریل کو ووٹ ڈالے جائین گے۔ ووٹوں کی گنتی 7 اپریل کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔