بہار: سرکاری اسپتال میں مریضوں کی جگہ کتوں کا قبضہ، محکمہ صحت پر سوالیہ نشان

بہار کے نوادہ واقع سرکاری اسپتال میں مریضوں کو بیڈ ملنا مشکل ہے لیکن کتوں کے لیے آسانیاں میسر ہیں۔ صدر اسپتال میں بیڈ پر کتے آرام فرماتے ہوئے دیکھے گئے جو نتیش حکومت کو کٹہرے میں کھڑی کرتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نتیش راج میں بہار کا انتظام و انصرام بری طرح سے بگڑتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کی حالت بھی لگاتار بد سے بدتر کی جانب گامزن ہے اور اس کی تازہ مثال نوادہ واقع سرکاری اسپتال ہے جہاں مریضوں کے بیڈ پر کتوں کا قبضہ نظر آ رہا ہے۔ حکومت بہار لوگوں کے لیے بہتر صحت انتظامات کے لاکھ دعوے کر رہی ہو لیکن اکثر ایسے واقعات سامنے آ جاتے ہیں جو بدانتظامی کی قلعی کھول کر رکھ دیتے ہیں۔ نوادہ اسپتال کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے جس پر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

دراصل بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایک ٹوئٹ میں کچھ تصویریں پیش کی ہیں جس میں مریضوں کی جگہ بیڈ پر کتے آرام فرماتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے تصویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ لکھا ہے کہ ’’نوادہ صدر اسپتال کی نایاب تصویریں جہاں مریضوں کو بیڈ نہیں ملتے لیکن کتے بیڈ پر قبضہ کر کے آرام فرماتے ہیں۔‘‘ تیجسوی نے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’یہاں کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر ہندوستانیوں کو پاکستان بھیجنے میں مست ہیں اور ریاست کے وزیر صحت دوسری ریاستوں کا دورہ کر کے موج مستی کر رہے ہیں۔‘‘

معاملے کے طول پکڑنے کے بعد اب اسپتال کے سول سرجن نے اس پر وضاحت پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس معاملے میں متعلقہ افسران اور گارڈ سے پوچھ تاچھ کی جائے گی اور ضروری کارروائی بھی ہوگی۔ اس تعلق سے نوادہ صدر اسپتال کے مریضوں کا کہنا ہے کہ یہ حالت تو روزانہ دیکھنے کو ملتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں کتے گھومتے نظر آتے ہیں اور انسانوں کے بیڈ پر آ کر سو جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔