تیستا سیتلواڑ کی آج احمد آباد عدالت میں پیشی، گجرات ’اے ٹی ایس‘ نے ممبئی سے کیا تھا گرفتار

تیستا سیتلواڑ کو آج احمد آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، انہیں ممبئی سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر الزام ہے کہ سال 2002 کے فسادات کے بعد انہوں نے غلط معلومات فراہم کی

تیستا سیتلواڑ، تصویر آئی اے این ایس
تیستا سیتلواڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کو آج احمد آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہیں گجرات اے ٹی ایس نے گزشتہ روز ممبئی سے گرفتار کیا اور ان پر جعلسازی اور ساز سمیت مختلف دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تیستا سیتلواڑ کی غیر سرکاری تنظیم بھی جانچ کے نشانہ پر ہے۔ احمد آباد کی کرائم برانچ نے تیستا، سابق آئی پی ایس افسر آر بی سری کمار اور سنجیو بھٹ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔

تیستا کو گرفتار کئے جانے سے ایک دن قبل سپریم کورٹ نے ذکیہ جعفری کی گجرات فسادات سے متعلق ایک عرضی کو خارج کیا ہے۔ اے بی پی کی رپورٹ کے مطابق ذکیہ جعفری کی ایک درخواست پر تیستا سیتلواڑ نے فرضی دستخط کئے ہیں۔ اس عرضی میں ایس آئی ٹی کی اس رپورٹ کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو کلین چٹ دی گئی تھی۔


تیستا سیٹلواڑ 1962 میں مہاراشٹر میں پیدا ہوئیں اور ان کی پرورش ممبئی میں ہوئی، ممبئی یونیورسٹی سے ہی انہوں نے گریجویشن کیا۔ ان کے والد اتل سیتلواڑ ایک وکیل تھے اور ان کے دادا ایم سی سیٹالواد ملک کے پہلے اٹارنی جنرل تھے۔ تیستا سیٹلواڑ نے قانون کی پڑھائی درمیان میں ہی چھوڑ دی اور صحافت کے میدان میں قدم رکھا۔ انہوں نے کئی اخبارات میں بطور رپورٹر کام کیا۔ انہوں نے صحافی جاوید آنند سے شادی کی اور بعد میں کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر ’سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس‘ کے نام سے ایک این جی او شروع کی۔ تیستا سیتلواڑ کو سال 2007 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ پدم شری کے علاوہ انہیں سال 2002 میں راجیو گاندھی نیشنل سدبھاونا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔

تیستا سیٹلواڑ 2002 کے گجرات فسادات کے متاثرین کے لیے لڑ رہی ہیں۔ ان پر بیرون ملک سے رقم کے غلط استعمال اور دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ 2013 میں احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی کے 12 رہائشیوں نے تیستا کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ سوسائٹی کے لوگوں کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ تیستا نے گلبرگ سوسائٹی میں میوزیم بنانے کے لیے بیرون ملک سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے جمع کروائے لیکن ان پیسوں کا صحیح استعمال نہیں کیا۔ اس سے قبل، گجرات حکومت نے کہا تھا کہ تیستا سیتلواڑ نے فساد متاثرین کی فلاح و بہبود کے لیے دی گئی رقم کا غبن کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */