سکھوندر سنگھ اتوار کو لیں گے ہماچل کے وزیر اعلیٰ کا حلف، مکیش اگنیہوتری کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ

ہماچل پردیش کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے نام کا اعلان ہونے کے بعد سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا کہ ’’میں اور نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنیہوتری ایک ٹیم کی طرح کام کریں گے۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سکھوندر سنگھ سکھو ہماچل پردیش کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ شملہ میں ہوئے کانگریس پارٹی کے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد سکھوندر سنگھ سکھو کے نام کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی نے مکیش اگنیہوتری کو ریاست کا نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکھوندر سنگھ سکھو اتوار کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے نام کا اعلان ہونے کے بعد سکھوندر سنگھ نے کہا کہ ’’میں اور نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنیہوتری ایک ٹیم کی طرح کام کریں گے۔‘‘

سکھوندر سنگھ نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے نام پر مہر لگنے کے بعد خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور ریاستی عوام کا شکرگزار ہوں۔ ہم نے ہماچل پردیش کی عوام سے جو وعدے کیے ہیں، انھیں پورا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ ریاست کی ترقی کے لیے ہمیں کام کرنا ہے۔‘‘


ہماچل پردیش کے نامزد وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’سیاست کی جو سیڑھیاں میں نے چڑھی ہیں، اس میں گاندھی فیملی کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ جو وعدے ہم نے عوام سے کیے ہیں، اسے نافذ کرنے کی جوابدہی میری ہے۔ ہم اقتدار صرف اقتدار کے لیے نہیں چاہتے ہیں، ہم اقتدار میں آئے ہیں کیونکہ ہم تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

اس سے قبل انتخابی مبصر اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا اور ہماچل کانگریس انچارج راجیو شکلا نے راجدھانی شملہ کے چوڑا میدان واقع سسل ہوٹل میں ہر رکن اسمبلی سے سنگل-سنگل ملاقات کی۔ پانچ بجے اسمبلی حلقہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائی گئی۔ میٹنگ کے بعد ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے نام کا اعلان کیا گیا۔ اس اعلان کے بعد کانگریس لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ اتوار کو ہونے والی حلف برداری تقریب میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھڑگے بھی شامل ہوں گے۔ سبھی اراکین اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ ہماچل پردیش کانگریس انتخابی تشہیر کمیٹی کے سربراہ سکھو نادون اسمبلی حلقہ سے چوتھی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نامزد کیے گئے مکیش اگنیہوتری ہرولی سے انتخاب جیت کر آئے ہیں۔ جہاں تک سکھوندر سنگھ سکھو کے سیاسی کیریئر کا سوال ہے، انھوں نے طلبا سیاست میں اپنا کیریر شروع کیا اور 2013 سے 2019 تک پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ کے عہدہ پر رہے۔ انھوں نے اپنے کالج کے دنوں میں پارٹی کے طلبا وِنگ نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) میں سرگرم رہے۔ 1989 میں انھیں اس کی ریستی یونٹ کا سربراہ چنا گیا۔ سکھو نے ریاستی یوتھ کانگریس کے سربراہ کی شکل میں بھی کام کیا۔ ریاستی سیاست میں شامل ہونے سے پہلے انھوں نے دو مرتبہ 1992 اور 2002 میں شملہ میونسپل کارپوریشن کے کونسلر کی شکل میں کام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔