آسام میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگوں میں دہشت

آسام کے کئی علاقوں میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، صبح تقریباً 8 بجے آنے والے اس زلزلہ کے سبب لوگوں میں دہشت پائی جا رہی ہے

آسام میں زلزلہ / تصویر ٹوئٹر
آسام میں زلزلہ / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آسام کے کئی علاقوں میں بدھ کی صبح زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ صبح تقریباً 8 بجے آنے والے اس زلزلہ کے سبب لوگوں میں دہشت پائی جا رہی ہے اور وہ محفوظ مقامات پر جانے کے لئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق بدھ کی صبح تیج پور کے نزدیک ریکٹر پیمانے پر 6.4 کی شدت والے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ایجنسی کے مطابق زلزلہ کا مرکز آسام کے تیج پور سے 43 کلومیٹر مشرق میں تھا۔ زلزلہ ہندوستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7.51 بجے سطح سے 17 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔


زلزلہ کا اثر آسام سمیت شمالی بنگال تک محسوس کیا گیا۔ گوہاٹی میں کئی مقامات پر بجلی چلی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ کے لگاتار کئی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے اثر سے کئی گھروں میں دراڑ بھی پڑنے کی اطلاع ہے۔ سوشل میڈیا پر زلزلہ سے ہونے والے نقصان کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان گوہاٹی شہر میں ہوا ہے، جہاں کئی مقامت پر دیواریں اور کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ زلزلہ کے سبب کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

آسام میں آنے والے ان جھٹکوں پر وزیر صحت ہیمنت بسوا سرما نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا، کہ زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ساتھ میں زلزلہ کے بعد کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں، تاہم انہوں نے زلزلہ کی شدت 6.7 بتائی ہے۔

آسام کے وزیر اعلیٰ سربانند سونووال نے کہا کہ آسام میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، میں سبھی کے خیریت سے ہونے کی دعا کرتا ہوں، ساتھ ہی لوگوں کو الرٹ رہنے کی صلاح دیتا ہوں، بقیہ اضلاع سے تازہ معلومات حاصل کر رہا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔