جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال، جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی

جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں میں اتوار کے روز ملی ٹینٹ تنظیم ’البدر‘ کے دو مقامی ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں میں اتوار کے روز ملی ٹنٹ تنظیم ’البدر‘ کے دو مقامی ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔

واضح رہے کہ ضلع کولگام کے یاری پورہ میں گذشتہ شام سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں البدر کے اعلیٰ کمانڈر زینت الاسلام اور اس کے ساتھی شکیل احمد ڈار جاں بحق ہوئے۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے ضلع شوپیان کے سوگن میں اتوار کی صبح مظاہرین پر مبینہ طور پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے جس کے نتیجے میں کم از کم آدھ درجن احتجاجی زخمی ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں میں اتوار کو زینت الاسلام اور اس کے ساتھی کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال رہی۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہی۔

ریلوے انتظامیہ نے سری نگر اور جموں خطہ بانہال کے درمیان جنوبی کشمیر کے راستے چلنے والی ریل گاڑیاں منسوخ کردیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریل گاڑیاں ریاستی پولس کے مشورے پر منسوخ کی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات ہفتہ کی شام سے بدستور منقطع رکھی گئی ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق زینت الاسلام اور اس کے ساتھی شکیل ڈار کو اتوار کے روز ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس سے قبل شوپیان کے سوگن میں احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں کم از کم آدھ درجن احتجاجی نوجوان زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں گولیاں یا پیلٹ لگے ہیں۔

اس دوران ریاستی پولس کے ایک ترجمان نے کہا کہ کاٹھ پورہ یاری پورہ کولگام میں حفاظتی عملے کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت زینت الاسلام عرف زینت عرف عثمان ولد غلام حسن شاہ ساکنہ شوپیاں اور شکیل احمد ڈار ولد عبدالرشید ڈار ساکنہ چلی پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک ملی ٹنٹ کالعدم تنظیم البدر کے ساتھ وابستہ تھے اور دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں، عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں پیش پیش تھے۔

دریں اثنا ریاستی پولس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ضلع کولگام کے کاٹھ پورہ یاری پورہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولس اور سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز مشترکہ طورپر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ جس دوران علاقے میں محصور ملی ٹنٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔

اس میں کہا ’چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو ملی ٹنٹ ہلاک ہوگئے۔ تصادم کے دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولس بیان میں کہا گیا کہ پولس ریکارڈ کے مطابق زینت الاسلام نامی ملی ٹنٹ کے خلاف سال 2006 سے جرائم کی ایک لمبی فہرست موجود ہے۔ سال 2006 میں زینت السلام کو البدر کے ساتھ وابستگی کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں اُس کو رہا کیا گیا۔

اس میں کہا گیا سال 2016میں مہلوک ملی ٹنٹ زینت الاسلام ممنوعہ تنظیم حزب المجاہدین میں شامل ہوا۔ حال ہی میں مذکورہ ملی ٹنٹ نے پھر البدر نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی اور اُس کو چیف بنایا گیا۔ زینت الاسلام کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج ہیں۔

پولس بیان میں کہا گیا کہ تصادم کے دوران مارا گیا ملی ٹنٹ شکیل احمد ڈار بھی کئی تخریبی کارروائیوں میں پولس کو مطلوب تھا۔ جھڑپ کی جگہ قابل اعتراض مواد اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ’عوام الناس سے ایک بار پھر التماس ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ لوگوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ پولس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔