وائناڈ میں اسپائس پارک تعمیر کیا جائے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ وائناڈ حلقے میں مسالے، خاص طور پر ہلدی اور کالی مرچ کی کاشت ہوتی ہے لیکن بنیادی سہولیات کے فقدان کے سبب لوگوں کو اس کا صحیح فائدہ حاصل نہیں ہو پا رہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کیرلا کے اپنے پارلیمانی حلقے وائناڈ میں اسپائس پارک اور میگا فوڈ پارک تعمیر کرنے پر زور دیا ہے۔

راہل گاندھی نے اسپائس پارک کے قیام کے لئے کیرلا کے وزیراعلی پنرائی وجین کو ایک خط لکھ کر ان سے اس سلسلے میں ایک تجویز مرکزی حکومت کو بھیجنے کی درخواست کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وائناڈ حلقے میں مسالے خاص طور پر ہلدی اور کالی مرچ کی کاشت ہوتی ہے۔ بنیادی سہولیات کے فقدان اور پروسیسنگ کی سہولیات کی کمی کے سبب لوگوں کو اس کا صحیح فائدہ حاصل نہیں ہو پا رہا ہے۔ ان سہولیات کے کمی کے سبب ایسی مصنوعات کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوپاتا۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کے انتظام سے اس خطے میں لوگوں کی زرعی آمدنی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے وجین سے ضلع میں ایک گرین فیلڈ میگا فوڈ پارک کے قیام کی تجویز بھیجنے کی بھی درخواست کی ہے۔ کیرلا میں فوڈ پروسیسنگ صنعت کے لئے کافی امکانات ہیں جس سے یہاں کے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا اور برآمدات کو بھی فروغ دیا جاسکے گا۔
راہل گاندھی نے یہ خطوط کی کاپی وزیر تجارت پیوش گوئل اور فوڈ پروسیسنگ صنعت کی وزیر ہرسمرت کور بادل کو بھی ارسال کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔