اسپیکر اوم برلا اور ترنمول کی مہووا موئترا آمنے سامنے

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ ایوان کے اندر اور باہر اسپیکر کی بنچ کے بارے میں تبصرہ کرنا ایوان کے وقار اور مریادا کی خلاف ورزی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ترنمول کانگریس کی مہووا موئترا اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا آمنے سامنے آ گئے ہیں کیونکہ اسپیکر نے ان کا نام لئے بغیر انہیں انتباہ کیا ہے۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کو ارکان پارلیمنٹ سے درخواست کی کہ وہ ایوان کے اندر یا باہر سوشل میڈیا سمیت کسی بھی فورم پر لوک سبھا کی بنچ کے بارے میں کوئی تبصرہ نہ کریں۔

مسٹر برلا نے کسی رکن پارلیمنٹ کا نام نہیں لیا، لیکن ان کا یہ بیان ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہووا موئترا کے ایک ٹویٹ کے ایک دن بعد آیا جس میں انہوں نے (محترمہ موئترا) کہا کہ انہیں ان کے مقررہ وقت میں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔


لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا ’’ایوان کے اندر اور باہر اسپیکر کی بنچ کے بارے میں تبصرہ کرنا ایوان کے وقار اور مریادا کی خلاف ورزی ہے۔ ایوان میں وقار کا ایک اعلیٰ معیار برقرار ہے جس کا احترام تمام معزز اراکین کرتے ہیں۔ ایوان میں اسپیکر کی بنچ کی یہ کوشش رہی ہے کہ ایوان کو غیر جانبداری سے قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے۔

مسٹر برلا نے کہا کہ کسی بھی وقت اسپیکر کی بنچ پر رکن کے پاس وہ تمام آئینی اختیارات ہوتے ہیں جو لوک سبھا کے اسپیکر کو حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نشست کے بارے میں سوشل میڈیا پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */