صد سالہ عرس اعلیٰ حضرت کے لیے سونیا-راہل کی چادریں روانہ

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ملک کی گنگا-جمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے اعلیٰ حضرت کے مزار پر چڑھانے کے لیے چادر بھیجی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے ملک میں امن و امان بحال ہونے کے لیے دعا بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بریلی شریف میں صد سالہ عرس اعلیٰ حضرت کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی و کانگریس صدر راہل گاندھی نے اعلیٰ حضرت کے مزار پر چادر پوشی کے لیے اپنی اپنی چادریں روانہ کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کانگریس اقلیتی ڈیپارٹمینٹ کے چیئرمین ندیم جاوید 2 نومبر کو سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی چادریں مزار پر چڑھائیں گے اور ان کے ساتھ کانگریس کے کئی دیگر سرکردہ لیڈران بھی موجود ہوں گے۔

یکم نومبر کو جب راہل گاندھی نے دہلی میں کانگریس کے سینئر لیڈران غلام نبی آزاد، سلمان خورشید، م افضل، حسن احمد، ہارون یوسف اور علی مہدی وغیرہ کی موجودگی میں چادر ندیم جاوید کے حوالہ کی تو انھوں نے ہندوستان کی صدیوں پرانی روایت کو طاقت عطا کی۔ اعلیٰ حضرت کے مزار پر چادر پیش کرنے کے ساتھ ہی سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے یہ پیغام بھی دینے کی کوشش کی ہے کہ ہندوستان سبھی مذاہب کا ملک ہے اور پیر فقیروں کے آستانے پر ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ خراج عقیدت پیش کرنے پہنچتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی ہر سال اعلیٰ حضرت کے مزار پر چادر پیش کرتے رہے ہیں اور اس بار چونکہ صد سالہ عرس ہے اس لیے ملک کے امن و امان کی دعا کے ساتھ چادر بریلی شریف کے لیے روانہ کی گئی ہے۔ کانگریس اقلیتی محکمہ کے چیئرمین ندیم جاوید نےسوشل میڈیا پر اس تعلق سے ایک پوسٹ بھی کی ہے جس میں وہ راہل گاندھی سے چادر لے رہے ہیں اور ان کے ساتھ کانگریس کے کئی سینئر و سرکردہ لیڈران بھی نظر آ رہے ہیں۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ملک قومی یکجہتی اور بھائی چارے سے چلتا رہا ہے۔ فقیروں کے مزار ہر مذہب کے لوگوں کی عقیدت کا مرکز رہا ہے۔ اتر پردیش کے بریلی شریف میں درگاہ اعلیٰ حضرت اپنی صدی تقریب منانے جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی جی نے اپنی طرف سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چادر بھینٹ کی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔