سونیا اور پرینکا کا رائے بریلی-امیٹھی کا دورہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

سونیا گاندھی نے رائے بریلی میں ضلع و شہری صدر کے ٹریننگ کیمپ میں اترپردیش میں پارٹی کی مضبوطی کے علاوہ کسانوں کے مسائل پر مرکزی و ریاستی حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رائے بریلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی میں جمعرات کو ضلع و شہری صدر کے ٹریننگ کیمپ میں اترپردیش میں پارٹی کی مضبوطی کے علاوہ کسانوں کے مسائل پر مرکزی و ریاستی حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

سونیا گاندھی دو روزہ دورے پر بدھ کو بیٹی و جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ یہاں پہنچی تھیں۔ بھوئے مئو گیسٹ ہاوس میں انہوں نے کانگریس کے ضلع اور شہری صدر کے تربیتی کیمپ میں پارٹی کے ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ رائے بریلی کے بعد سونیا اور پرینکا نے رات کے وقت امیٹھی کا بھی دورہ کیا اور سڑک حادثے کے ایک متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔

انہوں نے اترپردیش کی سیاسی صورتحال پر غوروخوض کیا اور تنظیم کو بوتھ سطح پر مضبوط بنانے کی حکمت عملی کے ساتھ کسانوں کے مسائل کو لے کر سرکار کے خلاف سڑک سے لے کر اسمبلی تک اور بلاک سے لے کر راجدھانی تک احتجاج کئے جانے کا خاکہ بھی طے کیا۔

سونیا اور پرینکا کا رائے بریلی-امیٹھی کا دورہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو سب سے پہلے کسانوں کے گھر جاکر اور نکڑپروگرام کر کے ان کو درپیش مسائل و دقتوں کو سننے کا مشورہ دیا۔ دوسری جانب کسانوں کے مطالبے کی بنیاد پر بلاک،تحصیل اور ضلع سطح کے افسران کو بھی گھیرنے کی ہدایت دی۔


کانگریس صدر اور پرینکا گاندھی نے پارٹی عہدیداروں کے ساتھ اس مشترکہ میٹنگ میں کسان تحریک کے آخری مرحلے میں راجدھانی لکھنؤ میں ایک ’’کسان آکروش مورچہ‘‘ کے ذریعہ ریاست کی حکمراں یوگی حکومت کو بھی گھیرنے کا اعلان کیا۔

کانگریس کا تربیتی کیمپ 20 جنوری سےبھوئے مئو گیسٹ ہاوس میں چل رہا ہے جس میں پارٹی کے تمام ضلع وشہری صدر کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ تربیتی کیمپ میں نومنتخب پارٹی عہدہ داروں کو کانگریس کے نظریات، تاریخ، سیاسی حکمت عملی، ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی معلومات دی جا رہی ہے۔

تربیتی کیمپ میں ضلع سطح پر تشکیل شدہ ضلع کمیٹی کی جوابدہی اور ذمہ داری بھی طے کی گئی ہے تاکہ وہ پوری مستعدی سے سیاسی حملوں کا جواب پوری مضبوطی کے ساتھ رکھ سکیں۔ اس دوران ضلع اور شہری عہدیداروں کو بوتھ سطح پر منیجمنٹ اور کمیٹیوں کے تعمیر کے ساتھ ہی سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کی بھی ٹریننگ دی گئی ہے۔


سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی رائے بریلی کے بعد امیٹھی پہنچیں اور سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سونیا اور پریانکا گاندھی امیٹھی کے بھریٹھا گاؤں پہنچیں اور سوگوار کنبہ سے ملاقات کی۔ اس سڑک حادثہ میں گاؤں کے سابقہ پردھان کی بھی موت ہوئی ہے۔

سونیا اور پریانکا گاندھی کا امیٹھی دورہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔ یہ حادثہ پیر کی شب امیٹھی - گوری گنج شاہراہ پر اس پیش آیا تھا جب ایک ٹرک نے بولیرو گاڑی کو ٹکر مار دی، جس میں سوار کنبہ گوری گنج میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گاؤں لوٹ رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */