سن آف ملاح مکیش ساہنی عظیم اتحاد میں شامل

تیجسوی یادو نے ایک بار پھر دہرایا کہ عظیم اتحاد عوام کے دلوں کا اتحاد ہے۔ آئین کے تحفظ، غریبوں، کسانوں، بے روزگاروں کے ساتھ ہی سماجی انصاف کو مضبوط کرنے کے لئے عظیم اتحاد، دن بہ دن فروغ پا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے قومی صدر اور سن آف ملاح کے نام سے مشہور مکیش سہنی آج اپنے حامیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے عظیم اتحاد میں شامل ہو گئے۔

بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی پرساد یادو، راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی ) کے صدر اوپیندر کشواہا، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے قانون ساز کونسلر سنتوش مانجھی اور لوک تانترک جنتا دل (ایل جے ڈی) کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ ارجن رائے کی موجودگی میں مکیش سہنی نے عظیم اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔مکیش سہنی کے ساتھ بڑی تعداد میں ان کی پارٹی کے لیڈر اور کارکن موجود تھے۔

اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادو نےمکیش سہنی کا عظیم اتحاد میں شامل ہونے پر استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے مایگٹھ بندھن مزید مضبوط ہوا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے غیر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جماعتوں کو متحد کرنے کا جو خواب دیکھا تھا وہ اب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ عظیم اتحاد عوام کے دلوں کا اتحاد ہے۔ آئین کے تحفظ، غریبوں کو مضبوط کرنے، کسانوں، بے روزگاروں کے ساتھ ہی سماجی انصاف کو مضبوط کرنے کے لئے عظیم اتحاد، دن بہ دن فروغ پاتا جا رہا ہے۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی قیادت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک میں غیر اعلانیہ طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ لوگوں کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لئے بہار میں عوام کی حمایت کی توہین کی گئی۔ بہار کے عوام سب دیکھ رہے ہیں اور آئندہ لوک سبھا کے انتخابات میں عوام اس کا سخت جواب دیں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مکیش سہنی کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے عزت نہیں دی۔ اسی طرح سے آر ایل ایس پی کی بھی توہین کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے ایک ظالم کی طرح کام کر رہا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ما گٹھ بندھن کی جیت یقینی ہے وہیں بہار میں این ڈی اے کا کھاتہ بھی کھلنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے بہار میں 22 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی اور دو سیٹوں پر جیت درج کرنے والے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کو اس بار 17 سیٹیں دی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر مکیش سہنی نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے وقت سے ہی وہ این ڈی اے کے حق میں تشہیر کرتے رہے ہیں اور نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے میں اہم تعاون دیا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے ساڑھے چار سال کی مدت کے دوران نشاد سماج کو مغربی بنگال، دہلی اور اڈیسہ کے طرز پر ریزرویشن حاصل ہو، اس کے لئے وہ جدوجہد کرتے رہے، لیکن وعدہ کرنے کے باوجود ریزرویشن نہیں دیا گیا۔ تقریب میں دیگر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */