تلنگانہ میں دلتوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ، صورتحال افسوسناک: کانگریس

پولیس سربراہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے پارٹی لیڈر نے دعوی کیا کہ دلتوں پر حملوں کے سلسلہ میں ڈی جی پی سے کی گئی شکایات پر کوئی ردعمل حاصل نہیں ہو رہا ہے۔ وہ اب ان واقعات کی شکایت گورنر سے کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر ملوبھٹی وکرامارکا نے الزام لگایا ہے کہ تلنگانہ میں صورتحال افسوسناک ہے اور دلتوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس سربراہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دعوی کیا کہ دلتوں پر حملوں کے سلسلہ میں ڈی جی پی سے کی گئی شکایات پر کوئی ردعمل حاصل نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلتوں پر حملوں کے واقعات کی شکایت گورنر سے کریں گے۔

ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات کے سلسلہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیرقیادت ٹی آر ایس حکومت ریاست میں کورونا وائرس کو روکنے میں ناکام رہی اور حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں کورونا کے معاملات شہروں سے مواضعات تک پہنچ گئے۔


حکومت کو اس مسئلہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے کیونکہ اس نے ماضی میں اس طرح کی صورتحال کا کبھی بھی سامنا نہیں کیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے ایسی حکومت نہیں دیکھی جس نے صحت عامہ کے مسائل کو اس طرح نظر انداز کیا ہو۔ انہوں نے کانگریس کے لیڈروں کو پابند کرنے کے لئے مرکز کے رہنمایانہ خطوط کے استعمال کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ حکومت اے پی نے سری سیلم بیریج سے روزانہ 11 ٹی ایم سی پانی کو لفٹ کرنے کے لئے جی او جاری کیا، تاہم چندرشیکھر راؤ حکومت نے اس پرکوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوتی ریڈی پاڈو پروجیکٹ کا ٹنڈر مرحلہ اس ماہ کی 20 تاریخ کومکمل کرلیا جائے گا اور وزیراعلی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کو نظرانداز کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔