گنگا رام اسپتال میں 2 کورونا پازیٹو مریض ملنے کے بعد 108 میڈیکل اسٹاف کوارنٹائن

دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں کورونا وائرس انفیکشن پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطاً 108 اسٹاف کو کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔ ان 108 لوگوں میں سینئر ڈاکٹرس، نرس اور میڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس سے لوگوں میں انفیکشن میں بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد 3 ہزار کو پار کر گئی ہے۔ ملک میں جو بھی شک کے دائرے میں ہے، انھیں فوراً کوارنٹائن ہونے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس درمیان دہلی سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق سر گنگا رام اسپتال کے 108 میڈیکل اسٹاف کو کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ ان 108 میڈیکل اسٹاف میں سینئر ڈاکٹر، نرس اور میڈیکل کے دیگر اہلکار بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس انفیکشن کے خوف سے اسپتال انتظامیہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہاں دو ایسے لوگ کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں جو اس اسپتال میں دوسری بیماریوں کا علاج کرانے آئے تھے۔ پہلے ان مریضوں میں کورونا انفیکشن کی کوئی علامت نہیں تھی، لیکن جب ان کا ٹیسٹ کیا گیا تو یہ کورونا پازیٹو پائے گئے۔ خبروں کے مطابق جن 108 میڈیکل اسٹاف کو کوارنٹائن کیا گیا ہے ان میں سے 85 کو گھر پر علیحدہ رہنے کے لیے کہا گیا ہے جب کہ بقیہ 23 کو اسپتال میں ہی کوارنٹائن کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ پوری دنیا میں قہر برپا کرنے والے خطرناک کورونا وائرس کا اثر اب ہندوستان میں بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اس خطرناک وائرس کی زد میں آ کر اب تک ہندوستان میں 68 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ تقریباً 200 افراد اس انفیکشن کا علاج کرا کر ٹھیک بھی ہو گئے ہیں اور انھیں اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ہفتہ کی صبح 9 بجے وزارت صحت نے جو اَپ ڈیٹ دیا تھا اس کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کل 2901 معاملوں میں سے 2650 کیس ایکٹیو ہیں۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ حالت خراب ہے جہاں 484 کیس سامنے آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔