سدھو اگر پاکستان میں آکر الیکشن لڑیں تو جیت جائیں گے: عمران خان

عمران خان نے کہا ’’سدھو ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ممالک میں امن کی بات کرنے آئے تھے، ایٹمی ہتھیار دونوں رکھتے ہیں، جنگ تو کسی صورت ہونی ہی نہیں چاہیے۔ سمجھ میں نہیں آتا سدھو پر تنقید کیوں کی گئی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں کرتارپور کوریڈور کی سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان نے رکھ دی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’دنیا بھر سے آنے والے سکھ مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، مدینہ جا کر جتنی خوشی ہمیں ملتی ہے آج سکھوں کےچہروں پر اتنی ہی خوشی دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا ’’کرتارپور گرودوارے کے لئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اور آئندہ سال آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔‘‘

عمران خان نے اس دوران نوجوت سنگھ سدھو کی بھی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا ’’کرکٹ کے دور میں 2 قسم کے کھلاڑیوں سے میری ملاقات ہوئی، ایک وہ کھلاڑی تھا، جو میدان میں قدم رکھتے ہوئے سوچتا تھا کہ شکست نہ ہو، ایک وہ کھلاڑی تھا جو قدم رکھتے ہوئے سوچتا تھا، میں کس طرح جیت جاؤں، ہمیشہ وہ کھلاڑی کامیاب ہوتا تھا جو سوچتا تھا میں کس طرح جیتوں۔‘‘

عمران خان نے کہا ’’سدھو دونوں ممالک میں امن کی بات کرنے آئے تھے ان پر تنقید کیوں کی گئی۔ میں نوجوت سنگھ سدھو کو کہتا ہوں آپ یہاں سے الیکشن لڑیں جیت جائیں گے، خاص کر پنجاب (پاکستان) سے۔‘‘

سدھو کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا سدھو 3 ماہ پہلے پاکستان آئے اور واپس گئے تو ان پر بہت تنقید کی گئی، سمجھ میں نہیں آتا سدھو پر تنقید کیوں کی گئی۔ سدھو ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ممالک کے درمیان امن اوردوستی کی بات کرنے آئے تھے۔ ایٹمی ہتھیار دونوں رکھتے ہیں، جنگ توکسی صورت ہو ہی نہیں سکتی۔

انھوں نے کہا سدھو جیسی قیادت ہوگی تو ہر ملک سے دوستی ہوگی، کہیں دوستی کے لئے ہمیں نوجوت سنگھ سدھو کا وزیراعظم بننے کا انتظار نہ کرنا پڑے، دونوں ملک کے عوام دوستی چاہتے ہیں صرف لیڈرشپ کو ایک ساتھ آنا ہوگا۔

عمران خان نے کہا ’’ہم کہتےہیں بھارت کی غلطی ہے اور بھارت کہتا ہے، پاکستان کی غلطی ہے لیکن غلطیاں دونوں جانب سے ہوئی ہیں۔ ماضی میں پھنسے رہیں گے تو ہم کبھی آگے نہیں بڑھیں گے۔ ماضی صرف سیکھنے کے لئے ہے اور آگے بڑھنے کا سبق سکھاتا ہے۔‘‘

عمران خان نے کہا ’’ہندوستان اور پاکستان کو اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ہے۔ جرمنی اور جاپان نے کتنی جنگیں لڑیں لیکن آج بہترین تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو سمجھا اور بہترین تجارتی تعلقات ہیں۔ فرانس اور جرمنی ایک یونین بناکر آگے بڑھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں بڑھ سکتے۔‘‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا، برصغیر میں دنیا کی سب سے بڑی غربت ہے۔ بارڈرکھل جائیں اور تجارت شروع ہوجائے تو غربت ختم ہوسکتی ہے۔ چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، ہم غربت کے خاتمے کے لئے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ چین نے غربت کے خاتمے کے لئے وہ کام کیا جو تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔

امید کرتا ہوں بھارت میں امن دوست لیڈرشپ آئے، ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک میں جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے، بھارت سے مضبوط تعلقات چاہتاہوں، دونوں طرف ایسی قیادت ہونی چاہیے جو مسائل کا حل نکالے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2018, 6:09 PM