سدھو موسی والا قتل: مان کی رہائش پر کانگریس کا مظاہرہ، راجہ وڈنگ سمیت متعدد لیڈران زیر حراست

سدھو موسی والا قتل اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف وزیر اعلی بھگونت مان کی رہائش گاہ پر احتجاج کے دوران پولیس نے ریاستی کانگریس کے صدر راجہ وڈنگ سمیت کانگریس کے متعدد لیڈروں کو حراست میں لے لیا

تصویر ٹوئٹر / @INCPunjab
تصویر ٹوئٹر / @INCPunjab
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل، امن و امان اور حکومت پنجاب کی مبینہ انتقامی سیاست کے خلاف وزیر اعلی بھگونت مان کی رہائش گاہ پر احتجاج کے دوران چنڈی گڑھ پولیس نے ریاستی کانگریس کے صدر راجہ وڈنگ سمیت کانگریس کے متعدد لیڈروں کو حراست میں لے لیا۔

وڈنگ کے علاوہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ، سابق نائب وزیر اعلیٰ او پی سونی، ایم ایل اے سکھجندر سنگھ رندھاوا اور سابق ایم ایل اے سمیت متعدد ممبران وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر جمع تھے۔ تقریباً آدھے گھنٹے کے بعد کانگریس لیڈروں کو رہائش گاہ کے اندر جانے کی اجازت دی گئی لیکن وزیر اعلی مصروفیت کی وجہ سے ان سے ملاقات نہیں کر سکے اور کل دوپہر ایک بجے کا وقت دیا۔


اس کے بعد کانگریس لیڈروں نے دھرنا اور نعرے بازی شروع کر دی، ان پر وقت دینے کے باوجود ملاقات نہ کرنے اور 'توہین' کرنے کا الزام لگایا۔ موقع پر موجود پولیس نے مظاہرین سے بات کی اور جب وہ دھرنا ختم کرنے کو تیار نہ ہوئے تو سب کو پولیس وین میں ڈال کر تھانے لے گئے۔

دریں اثناء، ایک ٹویٹ میں، چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ کانگریس کے لیڈران بغیر وقت ضائع کیے ان کے گھر پر ان لوگوں کی حمایت میں احتجاج کرنے آگئے جن پر رشوت ستانی کا الزام ہے۔ ان کی حمایت کرنے کا مطلب ہے کہ کانگریس رشوت خوری کی حامی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دو دن قبل سابق وزیر جنگلات سادھو سنگھ دھرم سوت کو درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔