شیوراج حکومت نے 10 مہینے میں ہی وزراء کے بنگلے کی سجاوٹ پر خرچ کیے کروڑوں روپے!

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش پر بجلی کے کام کے لیے 81 لاکھ 52 ہزار 790 روپے خرچ ہوئے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

مدھیہ پردیش میں چوتھی بار برسراقتدار ہوئی شیوراج حکومت کے دس مہینے گزر چکے ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ محض 10 مہینے میں ہی اس حکومت نے اپنے وزراء کے بنگلے کی سجاوٹ پر کروڑوں روپے خرچ کر دیئے ہیں۔ بنگلے کی سجاوٹ میں سب سے زیادہ خرچ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کیے ہیں، اور اس کے بعد گوپال بھارگو کے بنگلے کی سجاوٹ میں سب سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی وزیر گوپال بھارگو نے یہ جانکاری اسمبلی میں دی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش پر بجلی کے کام کے لیے 81 لاکھ 52 ہزار 790 روپے خرچ ہوئے ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی وزیر گوپال بھارگو کی رہائش پر سول ورک کیا گیا ہے جس میں کل 56 لاکھ 12 ہزار 176 روپے خرچ ہوئے ہیں۔ وزراء کے بنگلے پر یہ رقم یکم اپریل 2020 سے 31 جنوری 2021 کے درمیان خرچ ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سول کام پر بھی 18 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔


اس کے علاوہ وزیر داخلہ نروتم مشرا کے بنگلے پر 44 لاکھ 84 ہزار 455 روپے کا سول ورک ہوا ہے۔ بھوپندر سنگھ کے بنگلے پر 31 لاکھ 29 ہزار 269 روپے خرچ ہوا ہے، اور اروند بھدوریا کی رہائش پر 19 لاکھ 41 ہزار 810 روپے، گووند سنگھ راجپوت کی رہائش پر 18 لاکھ 75 ہزار 175 روپے، موہن یادو کی رہائش پر 14 لاکھ 36 ہزار 538 روپے کا سول ورک ہوا ہے۔ اسی طرح دیگر وزراء کی رہائش پر بھی کئی طرح کے کام ہوئے ہیں جن پر کافی خرچ ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔