شاہین باغ: دہلی پولیس کے طریقہ کار پر سپریم کورٹ کی پھٹکار، سماعت 23 مارچ تک ملتوی

شاہین باغ معاملہ میں سپریم کورٹ نے بدھ کے روز سماعت سے انکار کر دیا ہے، عدالت نے کہا کہ سماعت کے لئے ماحول مناسب نہیں، اگلی سماعت 23 مارچ کو ہولی کے بعد ہوگی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شاہین باغ معاملہ میں سپریم کورٹ نے سماعت کو ملتوی کر دیا ہے اور اب اس معاملے پر 23 مارچ کو سماعت ہوگی۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ دہلی میں صورتحال بہتر نہیں ہے۔ اسی کے ساتھ ہی عدالت نے پولیس کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔


واضح رہے کہ جائے احتجاج کو خالی کرانے کے مطالبہ والی عرضی پر بدھ کے روز سماعت ہونی تھی۔ عدالت نے کوئی عبوری حکم جاری نہیں کیا، تاہم یہ بھی واضح کر دیا کہ وہ صرف شاہین باغ کو خالی کرنے کے مطالبے کی سماعت کر رہا ہے دیگر مقامات کے حوالہ سے نہیں۔

گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے شاہین باغ کے مظاہرین سے بات کرنے کے لئے مذاکرات کاروں کو مقرر کیا۔ مذاکرات کار سنجے ہیگڑے، سادھانا رام چندرن اور وجاہت حبیب اللہ شاہین باغ گئے تھے اور انہوں نے مظاہرین سے بات چیت کی تھی۔ شاہین باغ کے مظاہرین سے گفتگو کے بعد مذاکرات کاروں نے سپریم کورٹ کو رپورٹ بھی پیش کی ہے۔


قبل ازیں سابق انفارمیشن کمشنر وجاہت حبیب اللہ نے شاہین باغ میں سڑک بلاک کیے جانے پر حلف نامہ داخل کیا تھا۔ حلف نامہ میں وجاہت حبیب اللہ نے پولیس کو سڑک کو بلاک کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف احتجاج پرامن طور پر جاری ہے۔ پولیس نے شاہین باغ کے ارد گرد 5 راستے بند کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔