’ای ڈی اور سی بی آئی کو الگ رکھ کر ہمارا سامنا کریں‘، سنجے راؤت نے دیویندر فڈنویس کو دیا سیدھا چیلنج

سنجے راؤت نے یہ چیلنج فڈنویس کے اس دعوے پر کیا ہے جس میں انھوں نے ادھو ٹھاکرے کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’بزدل‘ نہیں ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت اور دیویندر فڈنویس، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سنجے راؤت اور دیویندر فڈنویس، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بدھ کے روز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس کو سیدھا چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں کو الگ رکھیں اور تب اپوزیشن کا سامنا کریں۔ فڈنویس کو سخت جواب میں راؤت نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف اتنی باتیں کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے پیچھے ای ڈی-سی بی آئی باڈی گارڈ کی طرح ہیں۔

سنجے راؤت نے یہ چیلنج فڈنویس کے اس دعوے پر پیش کیا ہے جس میں انھوں نے شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھو ٹھاکرے پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’بزدل‘ نہیں ہے۔ ٹھاکرے کے ایک بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے فڈنویس نے منگل کے روز کہا تھا کہ ’’میں فڈتوس نہیں، کارتوس ہوں اور میں جھکوں گا نہیں بلکہ چھیدوں گا۔‘‘


سنجے راؤت نے فڈنویس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں آپ کی حکومت کو ’بزدل‘ کہا ہے۔ آپ کا وزیر داخلہ بننا ہمارے لیے مسئلہ نہیں ہے، بلکہ ریاست کے لیے مسئلہ ہے۔ خواتین پر حملے ہو رہے ہیں، آپ کے وزیر داخلہ بننے کے بعد وزارت میں تین خواتین نے خودکشی کی۔ وزیر اعلیٰ اس کے بارے میں کیا کر رہے ہیں؟

سنجے راؤت نے ریاستی بی جے پی صدر چندرشیکھر باونکولے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پوچھا کہ انھیں 2019 میں انتخاب کا ٹکٹ کیوں نہیں دیا گیا، کس نے ان کا ٹکٹ کاٹ دیا اور انھوں نے بجلی محکمہ میں کیا کارکردگی انجام دی جسے بی جے پی چیف نے گزشتہ حکومت میں سنبھالا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ باونکولے نے منگل کے روز ادھو ٹھاکرے کو خاموش رہنے یا فڈنویس کی تنقید کرنے پر نتیجہ بھگتنے کی تنبیہ دی تھی۔


اس درمیان شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے ٹھانے میں اپنی پارٹی کی ساتھی پر ہوئے حملے سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی توجہ مرکوز کرنے کے لیے ان سے ملاقات کی۔ نئی دہلی میں شاہ سے ملاقات کے دوران پرینکا چترویدی نے انھیں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے آبائی شہر ٹھانے میں اپنے ساتھی پر حملے کی جانکاری دی اور بتایا کہ کس طرح پولیس اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔