مرکزی حکومت نوجوان مخالف اگنی پتھ اسکیم کو واپس لے:سچن پائلٹ

کانگریس کے سینئر رہنما سچن پائلٹ نے کہا کہ فوج میں نوکری پیسے کمانے کے لیے نہیں کی جاتی۔ فوج میں خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ہندوستانی فوج میں بھرتی کے عمل کو تبدیل کرکے جو 'اگنی پتھ' اسکیم لائی ہے، اسے بھی کالے زرعی قوانین کی طرح واپس لینا پڑے گا۔

ٹونک کے ایم ایل اے سچن پائلٹ نے کل ٹونک میں مرکزی حکومت کی طرف سے لائی گئی نوجوان مخالف 'اگنی پتھ' اسکیم کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ذریعہ منعقد 'ستیہ گرہ' پروگرام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی قربانی اور بہادری کی داستانیں پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ ملک اور ریاست کے لاکھوں خاندان فوج سے جڑے ہوئے ہیں۔ فوج میں نوکری پیسے کمانے کے لیے نہیں کی جاتی۔ فوج میں خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔


انہوں نے کہا کہ فوج میں شامل ہونے کے بعد جب سپاہی فوج کی وردی پہنتا ہے تو وہ خوشی خوشی ملک کی حفاظت کے لیے جہاں بھیجا جاتا ہے وہاں جاتا ہے۔ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اگر اسے مادر وطن کی خدمت میں کچھ ہوا تو حکومت ہند اور ہندوستانی فوج اس کے بچوں، خاندان کا پورا خیال رکھے گی، انہیں پنشن ملے گی تاکہ اس کے خاندان کا مستقبل محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ برسوں سے جاری اس عمل کو بند کرکے بحث کیے بغیر بی جے پی حکومت اگنی پتھ اسکیم لے کر آئی ہے، جس میں نوجوانوں کو چار سال کے لیے نوکریاں دی جائیں گی اور 22-23 سال کی عمر میں ریٹائر کردیاجائے گا۔ اس مختصر عرصے میں سپاہی میں ملک کے لیے لگن اور قربانی کا جذبہ کیسے آئے گا، ملک کے لیے جان قربان کرنے کا جذبہ کیسے پروان چڑھے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔