نتیش-یوگی ملاقات پر تیجسوی کا طنز، ’ایک پلٹو رام، ایک بدلو رام‘

یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی کی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے بعد آر جے ڈی رہنما نے کہا، ’’بہار کی سرزمین پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگڑنے نہیں دیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے پٹنہ میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات پر تیجسوی یادو نے حملہ بولا ہے۔ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے ان دونوں کی ملاقات کے بعد کہا ’’ہم بہار کی زمین پر مذہبی ہم آہنگی کو بگڑنے نہیں دیں گے۔‘‘

تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ نتیش جی لاکھ کوشش کر لیں ہم یوپی سی ایم اجے سنگھ بشٹ (یوگی آدتیہ ناتھ) کو بہار میں زہر نہیں اگلنے دیں گے اور نہ ہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب کرنے دیں گے، نتیش جی، بشٹ صاحب کو بتا دیجیے کہ بہار گرو گووند سنگھ، ماں سیتا، بدھ اور مہاویر کی سرزمین ہے، یہاں نفرت انگیز غنڈہ گردی نہیں چلے گی۔

یوگی آدتیہ ناتھ اور نتیش کی تصویر کو لے کر انہوں نے لکھا، ’’خوب جمے گا رنگ جب ایودھیا کی تصویر تھام بیٹھیں گے دو یار۔ ایک طرف ستّادھاری چچا (برسراقتدار) پلٹو رام، دوسری طرف انِشٹ کاری (نقصان پہنچانے والا) نام بدلو رام۔‘‘

تیجسوی کے ٹوئٹ کے بعد جے ڈی یو کے ترجمان نیرج کمار نے بھی پلٹ وار کیا ہے۔ نیرج نے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو اور سابق رکن پارلیمنٹ شہاب الدین کی تصویر کو لے کر تبصرہ کیا۔ انہوں نے آر جے ڈی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ملاقات پر انہیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔