بہار: این ڈی اے میں ہنگامہ، نتیش پر بی جے پی لیڈر نے کیا حملہ تو کشواہا نے بھی کھولا محاذ

بی جے پی لیڈر ٹنّا پانڈے نے نتیش کمار کے خلاف حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نظامِ اقتدار کا غلط استعمال کر کے وزیر اعلیٰ بنے ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں این ڈی اے کی حکومت جب سے تشکیل پائی ہے، اندرون خانہ کچھ نہ کچھ ہلچل ہوتی ہی رہتی ہے۔ گزشتہ دنوں بی جے پی لیڈر ٹنّا پانڈے نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ آور رخ اختیار کیا تھا، اور اب اوپیندر کشواہا نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ گویا کہ این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے درمیان تلخیاں اب کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔

آج سابق مرکزی وزیر اور جنتا دل یو پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندر کشواہا نے بہار بی جے پی کے سربراہ سنجے جیسوال سے بڑا تلخ سوال کیا۔ دراصل بی جے پی لیڈر ٹنّا پانڈے کے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اوپیندر کشواہا نے بی جے پی سربراہ جیسوال سے سوال کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اگر ایسا بیان جے ڈی یو کے کسی لیڈر نے بی جے پی یا اس کے کسی لیڈر کے بارے میں دیا ہوتا تو اب تک نہ جانے کیا ہو جاتا۔ انھوں نے آخر میں خالی جگہ چھوڑ کر اس طرح کی منشا ظاہر کی ہے۔


اس سے قبل بی جے پی لیڈر ٹنّا پانڈے نے نتیش کمار کے خلاف حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نظامِ اقتدار کا غلط استعمال کر کے وزیر اعلیٰ بنے ہوئے ہیں۔ اسی ٹوئٹ کو کشواہا نے بدھ کے روز ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بہار بی جے پی چیف سے سوال پوچھتے ہوئے لکھا ’’یہ بیان آپ تک بھی پہنچ ہی رہا ہوگا سنجے جیسوال جی۔ ایسا بیان اگر کسی جنتا دل یو کے لیڈر نے بی جے پی یا اس کے کسی لیڈر کے بارے میں دیا ہوتا تو... اب تک...!‘‘

یہاں قابل ذکر ہے کہ ٹنّا پانڈے نے گزشتہ کچھ دنوں سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف محاذ کھولا ہوا ہے اور ان پر کئی طرح کے سنگین الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ اس سے قبل بھی ٹنّا جی پانڈے نے نتیش کمار کو ’حالات کا وزیر اعلیٰ‘ بتا کر بہار کی سیاست میں ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، بہار بی جے پی کے دوسری صف کے کئی لیڈروں کے ذریعہ بھی کورونا بحران کے مینجمنٹ کو لے کر نتیش کمار کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔