صفیہ کی معصوم بیٹی تھی بھوکی، ٹرین کھلی تو آر پی ایف جوان نے دودھ لے کر لگا دی دوڑ

آر پی ایف جوان اندر یادو سے صفیہ نے اپنی بچی کے لیے دودھ لانے کی گزارش کی۔ اندر اسٹیشن کے باہر دودھ لینے گیا اور جب لوٹا تو گاڑی چل چکی تھی۔ اس نے صفیہ کے کوچ کی طرف دوڑتے ہوئے دودھ کا پیکٹ اسے دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا بحران کے دور میں آہ و بقا کرتی ہوئی اور مسائل سے نبرد آزما لوگوں کی سینکڑوں تصویریں تو روزانہ سامنے آتی ہی رہتی ہیں، لیکن اس درمیان کئی خوش کن لمحات کی تصویریں بھی سامنے آ جاتی ہیں جنھیں دیکھ کر ایک سکون کا احساس ہوتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ بھوپال سے گزرتی ایک شرمک ٹرین میں دیکھنے کو ملا۔ اس گاڑی میں سوار تین ماہ کی بچی بھوکی تھی اور اس کی بھوک مٹانے کے لیے آر پی ایف جوان دودھ لینے اسٹیشن سے باہر گیا اور پھر ٹرین چل دی، ایسے میں جوان نے دودھ کا پیکٹ بچے کی ماں تک پہنچانے کے لیے اپنا پورا زور لگا دیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو وزیر ریل پیوش گویل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "ایک ہاتھ میں رائفل اور ایک ہاتھ میں دود۔ کس طرح انڈین ریلوے نے اوسین بولٹ کو پچھاڑا۔"

واقعہ بھوپال ریلوے اسٹیشن کا ہے۔ شرمک ٹرین کرناٹک کے بیلگاؤں سے گورکھپور جا رہی تھی۔ اس میں صفیہ اپنی تین ماہ کی بچی کے ساتھ سفر کر رہی تھی۔ وہ جب گاڑی میں سوار ہوئی تو بچی کے لیے دودھ رکھنا بھول گئی۔ بچی دو دن سے بھوکی تھی۔ بھوپال ریلوے اسٹیشن پر آر پی ایف جوان اندر سنگھ یادو کو صفیہ نے بچی کے لیے دودھ لانے کی گزارش کی۔


آر پی ایف جوان اندر یادو صفیہ کی گزارش پر اسٹیشن سے باہر دودھ لینے کے لیے گیا۔ جب وہ لوٹا تو گاڑی چل چکی تھی۔ یہ دیکھ کر اندر اس کوچ کی طرف دوڑا جس میں صفیہ سوار تھی۔ وہ اپنی کوشش میں کامیاب رہا۔ ایک ہاتھ میں رائفل اور دوسرے میں دودھ لیے اندر کی بھاگتے ہوئے تصویر پلیٹ فارم پر لگے سی سی ٹی وی میں قید ہو گئی۔ اندر کی یہ کوشش ضرورت مند کی مدد کا پیغام دینے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Jun 2020, 10:29 PM