جمہوریت اور سیکولرزم کی بقا کے لئے مودی حکومت کو ہٹانا ضروری: شرد پوار

این سی پی کے راجیہ سبھا ممبر اور سنیئر وکیل مجید میمن نے کہا کہ عام انتخابات کے ذریعہ ہم بھرپور جواب دے سکتے ہیں کیونکہ فرقہ پرستوں کو شہ دینے کے لیے برسراقتدار پارٹی ہر طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر شردپوار نے آج کہا کہ ملک کی جمہوریت اور سیکولرزم کی بقاء کے کے لئے موجودہ مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال ہے۔آج چوتھے مرحلہ کے آخری دن شہر میں انتخابی جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔

شردپوار نے شمالی ممبئی کے بوریولی علاقہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہندوستان مشترکہ گنگا-جمنی تہذیب اور تمدن کا ملک ہے، جہاں آپسی بھائی چارہ اور ہم۔ آہنگی کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، لیکن حالیہ دنوں میں ارباب اقتدار نے انہیں آپس میں لڑانے اور تفرقہ ڈالنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور عوام بے اطمینانی اور بے چینی کا شکار ہیں۔


انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی سخت پریشان ہے اور وہ چاہتا ہے کہ تبدیلی واقع ہو، اس کے لیے رائے دہندگان کو اپنے ووٹوں کو دانشمندی اور سمجھداری سے استعمال کرنا ہوگا تاکہ اس ظالم، بدعنوان اور تفرقہ ڈالنے کی پالیسی اختیار کرنے والی حکومت کو بے دخل کردیا جائے۔

شردپوار نے کہا کہ اس بار حکومت کو بھرپور جواب دینا ہوگا۔ اس موقع پر این سی پی کے راجیہ سبھا ممبر اور سنیئر وکیل مجید میمن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے ذریعہ ہم بھر پور جواب دے سکتے ہیں کیونکہ فرقہ پرستوں کو شہ دینے کے لیے برسراقتدار پارٹی ہر طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے، لیکن ہمیں سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کرنا چاہیے اور سیکولر عناصر کو کامیابی دلانی ہوگی، انتخابی جلسہ میں این سی پی اور کانگریس کے متعدد لیڈران موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔