رام پور: سی اے اے مخالف مظاہرین کو 29 جنوری تک رہا کیا جائے، علماء کا انتباہ

رام پور جامع مسجد کمیٹی کے سکریٹری مکرم عنایتی نے کہا، ’’مظاہرے کے دوران گرفتار کر کے جیل بھیجے گئے بے گناہ مظاہرین کی رہائی کے بارے میں ان کے خاندان کی خواتین ہر روز جامع مسجد میں آکر پوچھتی ہیں۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رام پور: رام پور کے علمائے کرام نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرہ کرنے کے دوران گرفتار شدگان کی 29 جنوری تک رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ اگلے دن 30 جنوری کو اپنے اگلے قدم پر کئی فیصلہ لیں گے۔

رام پور جامع مسجد کمیٹی کے سکریٹری مکرم عنایتی نے سنیچر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’سی اے اے مظالف مظاہرے کے دوران 21 دسمبر 2019 کو گرفتار کر کے جیل بھیجے گئے بے گناہ مظاہرین کی رہائی کے بارے میں ان کے خاندان کی خواتین ہر روز یہاں جامع مسجد میں آ کر پوچھتی ہیں۔


انہوں نے کہا، ’’ہم نے رام پور ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم دیا ہے اور ان سے تمام مظاہرین کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اگر ان افراد کو جیل سے رہا نہیں کیا گیا تو آئین میں دئے حقوق کے مطابق احتجاج کیا جائے گا۔‘‘

جامع مسجد کمیٹی کے ارکان نے سنیچر کے روز رام پور ضلع مجسٹریٹ انجنے کمار سنگھ سے اس سلسلے میں ملاقات کی۔ اس کے بعد مراد آباد رینج کے انسپکٹر جنرل پولیس رمت شرما رام نے رام پور پہنچ کر مقامی انتظامیہ اور پولیس حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔

ضلع مجسٹریٹ نے کہا، ’ہم پولیس افسران سے مستقل رابطے میں ہیں اور ہماری ترجیح ان مظاہرین کو رہا کرنا ہے جن کے خلاف ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم جلد ہی اس کا حل نکال لیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ خواتین نے جامع مسجد کے اندر سی اے اے کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا لیکن ضلع انتظامیہ نے احتجاج روکتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ ادھر، رام پور ضلع انتظامیہ نے علمائے کرام کے انتباہ کے بعد ایک الرٹ جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔