کورونا وائرس کے پیشِ نظر راجیہ سبھا انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے کورونا وائرس کے سبب کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد راجیہ سبھا انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے، اب حالات معمول پر آنے کے بعد انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے۔ کمیشن نے گزشتہ دنوں راجیہ سبھا کی 55 سیٹوں کے لیے 26 مارچ کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا، جس میں 37 امیدوار بلا مقابلہ منتخب کر لئے گئے تھے۔ اب باقی 18 امیدواروں کے لئے 26 مارچ کو الیکشن ہونا تھا۔ ان میں آندھرا پردیش، گجرات، منی پور، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ کے امیدوار شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے منگل کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ گیارہ مارچ کو عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس کو دنیا بھر میں عالمی وبا کا اعلان کیے جانے کے بعد حکومت نے ملک میں تمام ریلوے سروسز اور ہوائی جہاز کی خدمات کو بند کر دیا ہے اور کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔اسے دیکھتے ہوئے راجیہ سبھا انتخابات کو ملتوی کیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔


خیال رہے الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے 6 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ یہ انتخابات 17 ریاستوں میں ہونے تھے۔ نامزدگی کے کاغذات واپس لئے جانے کے بعد 10 ریاستوں سے 37 امیدوار بلامقابلہ منتخب کر لئے گئے تھے۔

کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعات کا استعمال کرتے ہوئے اس انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس انتخابات کے لئے مقرر رٹرننگ آفیسر وغیرہ پہلے کی طرح برقرار رہیں گے اور بعد میں انتخابات کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ جن 55 امیدواروں کی مدت مکمل ہو رہی ہے انہیں گزشتہ روز پیر کو راجیہ سبھا میں الوداعیہ دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔