راجیو کمار نے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا

راجیو کمار نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ انہیں ہندوستانی آئین کی طرف سے تحفے میں دیئے گئے بہترین اداروں میں سے ایک کی قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ ادارہ جو ہماری جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے۔

راجیو کمار، چیف الیکشن کمشنر
راجیو کمار، چیف الیکشن کمشنر
user

یو این آئی

نئی دہلی: راجیو کمار نے اتوار کے روز چیف الیکشن کمشنرکا عہدہ سنبھال لیا، راجیو کمار نے نرواچن سدن میں 25ویں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ بہتر انتخابی انتظامات اور انعقاد کے لیے ووٹر خدمات کو شفاف اور آسان بنایا جائے گا، نیزعمل کو آسان بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کو اہم ذریعہ بنایا جائے گا۔ راجیو کمار نے کہا کہ ’’انہیں ہندوستانی آئین کی طرف سے تحفے میں دیئے گئے بہترین اداروں میں سے ایک کی قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ ادارہ جو ہماری جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے۔ گزشتہ ستر برسوں کے دوران ہمارے شہریوں کو آزادانہ اورغیرجانبدارانہ انتخابات کرانے ، انتخابی فہرستوں کی شفافیت کو یقینی بنانے، بدعنوانی کو روکنے اور ہمارے انتخابات کے معیار کو بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن نے بہت کچھ کیا ہے‘‘۔

انہوں نے وزارت قانون اور انصاف حکومت ہند کے 12 مئی کی ایک گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت چارج سنبھالا۔ وزارت قانون کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا 14 مئی کو سبکدوش ہو رہے ہیں، جس کے بعد نئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار 15 مئی کو چارج سنبھالیں گے۔ راجیو کمار 15 مئی 2022 سے 18 فروری 2025 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ آئین کے مطابق الیکشن کمشنر کی مدت 6 سال یا 65 سال تک ہوتی ہے۔


راجیو کمار یکم ستمبر 2020 سے الیکشن کمیشن میں الیکشن کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ الیکشن کمشنر کے طور پر اپنی مدت کار میں مارچ-اپریل 2021 میں کووڈ وبا کے مسائل کے درمیان آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور 2020 میں بہار کی ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ہوئے۔ حال ہی میں 2022 کے اوائل میں گوا، منی پور، پنجاب، اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے لیے بھی انتخابات ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔