راجستھان انتخابات: راہل گاندھی نے جے پور میں روڈ شو کر انتخابی بِگُل پھونکا

روڈ شو کے دوران کانگریس صدر راہل گاندھی

کانگریس صدر نے جے پور کے رام لیلا میدان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کے ذریعہ بولے گئے جھوٹ سے پردہ اٹھایا اور ان کی ملک مخالف پالیسیوں سے عوام کو روشناس کرایا۔

بی جے پی کے بعد کانگریس نے بھی راجستھان میں ’انتخابی بگُل‘ پھونک دیا۔ 11 اگست کو کانگریس صدر راہل گاندھی جے پور پہنچے اور تقریباً 13 کلو میٹر طویل روڈ شو کیا۔ ریلی کے دوران انھوں نے بے روزگاری، کسانوں کی خودکشی، رافیل معاہدہ اور بدعنوانی جیسے ایشوز پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے جے پور کے رام لیلا میدان میں جمع لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب بھی کیا۔

انھوں نے اس دوران کہا کہ ’’بی جے پی کے لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں۔ ملک بدلنے کے جھوٹے وعدے کرتے ہیں لیکن ہوتا کچھ نہیں۔ وزیر اعظم جی نے کہا تھا کہ ہر شخص کے بینک میں 15 لاکھ روپے آئیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو ملازمت ملے گی لیکن ملک کے نوجوان اب بھی بے روزگار ہیں۔ کسانوں کو بھی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔‘‘

ریلی میں کانگریس صدر نے رافیل معاہدہ سے متعلق مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ’’جو طیارہ یو پی اے حکومت نے 540 کروڑ روپے میں خریدے تھے انہیں طیاروں کے لیے پی ایم مودی نے 1600 کروڑ روپے خرچ کیے۔‘‘ اس سلسلے میں راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’مودی جی نے رافیل کا کانٹریکٹ کاروباری دوست انل امبانی کی ایسی کمپنی کو دے دیا جو بالکل نئی تھی اور طیارہ بنانے کا اس کے پاس کوئی تجربہ بھی نہیں تھا۔ جب رافیل سے متعلق پارلیمنٹ میں ان سے سوال پوچھا گیا تو وہ اِدھر اُدھر دیکھنے لگے۔ رافیل معاہدہ میں مودی جی نے چوری کی ہے جو ایک دن ضرور سامنے آئے گا۔‘‘

راہل گاندھی آج صبح جب جے پور ائیر پورٹ پر اترے تو وہیں سے ان کا روڈ شو بھی شروع ہو گیا تھا۔ ائیر پورٹ پر ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہ سچن پائلٹ اور اشوک گہلوت نے ان کا استقبال کیا۔ جب کانگریس صدر کا روڈ شو یہاں سے شروع ہوا تو کانگریس کارکنان نے ’گلابی شہر‘ میں ان کے اوپر گلاب کی پنکھڑیوں کی بارش کی۔ اس روڈ شو کے ذریعہ کانگریس کی جانب سے انتخاب کا بِگُل پھونک دیا گیا ہے۔ حالانکہ بی جے پی نے انتخابی تشہیر کا کام تقریباً ایک مہینے قبل ہی شروع کر دیا ہے لیکن کانگریس کے تئیں عوام میں بھرپور جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ روڈ شو کے دوران لوگ جگہ جگہ پر ان کی حمایت میں نعرے بھی لگاتے ہوئے نظر آئے۔

سب سے زیادہ مقبول